دہلی: آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان کے بھارت کے خلاف میچ کھیلنے کے فیصلے پر بھارتی کرکٹ بورڈ کا ردعمل آ گیا۔
پاکستان اور بھارت کے درمیان ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ورلڈ کپ میں میچ کے انعقاد پر بھارتی کرکٹ بورڈ کے نائب صدر راجیو شکلا نے اطمینان اور خوشی کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی جانب سے شروع کی گئی بات چیت کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں، جس سے کرکٹ کو ترجیح دی گئی اور ایک خوشگوار حل نکلا۔
راجیو شکلا نے کہا کہ آئی سی سی کے نمائندوں نے چیئرمین آئی سی سی کی نگرانی میں پاکستان کرکٹ بورڈ اور بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ سے لاہور میں ملاقاتیں کیں، جن کے نتیجے میں تمام فریقوں کے لیے قابلِ قبول حل سامنے آیا۔
نائب صدر بی سی سی آئی نے کہا کہ یہ ایک بہترین اور دوستانہ حل ہے جس میں کھیل کی اہمیت کو مقدم رکھا گیا، بی سی سی آئی کے نائب صدر نے آئی سی سی کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس اقدام سے نہ صرف تمام تنازعات حل ہوئے بلکہ کرکٹ ایک بار پھر مرکزِ توجہ بن گئی۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو مذاکرات کی میز پر لانا اور کولمبو میں میچ کھیلنے پر آمادہ کرنا آئی سی سی کی بڑی کامیابی ہے۔ راجیو شکلا نے تصدیق کی کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان شیڈول میچ 15 فروری کو کولمبو میں ہوگا اور پاکستان کی شرکت یقینی ہے۔
بھارتی بورڈ نے کرکٹرز پر بڑی پابندی عائد کر دی
انہوں نے کہا کہ یہ پیش رفت ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کو کامیاب بنانے میں اہم کردار ادا کرے گی، ان مذاکرات کے نتیجے میں بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے تحفظات بھی دور کیے گئے ہیں اور انہیں بھی ریلیف دیا گیا ہے۔
راجیو شکلا کا کہنا تھا کہ یہ صورتحال تمام فریقوں کے لیے جیت کی علامت ہے اور انہیں خوشی ہے کہ میچ منعقد ہوگا اور ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ ایک کامیاب ایونٹ ثابت ہوگا۔
