آئی سی سی نے پاکستان کرکٹ بورڈ اور بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے ساتھ مذاکرات کی تفصیلات جاری کر دیں۔
اعلامیہ کے مطابق آئی سی سی نے پاکستان کی شرائط مان لیں ، پی سی بی، بی سی بی اور آئی سی سی کے درمیان مذاکرات مثبت رہے، بنگلہ دیش کی ورلڈ کپ میں عدم شرکت پر افسوس ہے۔
آئی سی سی کے مطابق ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 میں عدم شرکت پر بنگلہ دیش پر کوئی جرمانہ عائد نہیں ہو گا۔ بنگلہ دیش کو آئی سی سی ایونٹ کی میزبانی بھی دی جائے گی۔
بھارت کیساتھ میچ کا بائیکاٹ ختم کریں ، بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کی پاکستان سے درخواست
آئی سی سی کا کہنا ہے کہ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ 2028 سے 2031 کے درمیان ایک ایونٹ کی میزبانی کرے گا۔
آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹو نے کہا کہ بی سی بی ضرورت پڑنے پر آئی سی سی کی تنازعات کے حل کی کمیٹی سے رجوع کرسکتا ہے، بنگلہ دیش کی میزبانی کی صلاحیتوں پر آئی سی سی کو اعتماد ہے، آئی سی سی بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے ساتھ مل کر کام جاری رکھے گا۔
اعلامیے کے مطابق بنگلہ دیش میں کھلاڑیوں و شائقین کیلئے مستقبل کے مواقع مزید بہتر کرنے پر کام کرینگے، تمام اسٹیک ہولڈرز نے اس بات پر اتفاق کیا ہے کہ مفاہمت کا اصل مقصد کرکٹ کی ساکھ کو بچانا ہے،آئی سی سی، پی سی بی اور بی سی بی مستقبل میں بھی باہمی تعاون اور مذاکرات کا سلسلہ جاری رکھے گا۔
پاک بھارت میچ کے متعلق کچھ دیر میں فیصلہ ہو جائے گا، محسن نقوی
خیال رہے کہ گزشتہ روز لاہور میں آئی سی سی، پی سی بی اور بی سی بی کے درمیان پاکستان کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھارت کے خلاف میچ کے بائیکاٹ کے حوالے سے مذاکرات ہوئے تھے۔
فریقین کے مابین مذاکرات 5 گھنٹے سے زائد جاری رہے جس میں چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کا فوکس بنگلہ دیش کے ساتھ ہونے والی زیادتی کے ازالے پر رہا۔
