بالی ووڈ کے معروف فلمساز ودھو ونود چوپڑا کے بیٹے اور کرکٹر اگنی دیو چوپڑا نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 2026 میں شمولیت سے متعلق گردش کرنے والی خبروں پر اپنی خاموشی توڑتے ہوئے واضح مؤقف پیش کر دیا ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق حالیہ دنوں سوشل میڈیا اور مختلف پلیٹ فارمز پر یہ دعوے سامنے آئے تھے کہ اگنی دیو چوپڑا نے پی ایس ایل 2026 کے آکشن کے لیے رجسٹریشن کروا لی ہے۔ ان افواہوں نے اس وقت مزید زور پکڑا جب پاکستان کرکٹ بورڈ کی سرکاری ویب سائٹ پر جاری ایک فہرست میں ان کا نام بطور امریکی کھلاڑی شامل دکھائی دیا۔

تاہم اب اگنی دیو چوپڑا نے ان خبروں کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے انہیں جعلی اور گمراہ کن قرار دیا ہے۔ انہوں نے اپنے انسٹاگرام اسٹوریز پر ایک بیان جاری کیا جس میں کہا کہ ان کے نام سے متعلق غلط معلومات پھیلائی جا رہی ہیں۔
انہوں نے لکھا کہ ایک ٹورنامنٹ کے حوالے سے میرے بارے میں جعلی اور گمراہ کن رپورٹس گردش کر رہی ہیں، میں سب سے درخواست کرتا ہوں کہ ایسی خبروں پر یقین نہ کیا جائے۔ انہوں نے مزید وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے پاکستان سپر لیگ کے لیے کسی قسم کی رجسٹریشن نہیں کرائی۔

اگنی دیو کا کہنا تھا کہ وہ اس وقت مکمل طور پر امریکا میں اپنے کرکٹ کیریئر اور طویل المدتی پیشہ ورانہ اہداف پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہیں اور مستقبل کی منصوبہ بندی اسی کے مطابق کر رہے ہیں۔
یاد رہے کہ اگنی دیو چوپڑا 2025 تک بھارتی ڈومیسٹک کرکٹ کا باقاعدہ حصہ رہے ہیں اور وہ رانجی ٹرافی، وجے ہزاری ٹرافی اور سید مشتاق علی ٹرافی جیسے اہم ٹورنامنٹس میں شرکت کر چکے ہیں۔ ان کی کرکٹ سے وابستگی اور خاندانی شہرت کے باعث ان کا نام خبروں میں آتا رہتا ہے، تاہم پی ایس ایل میں شرکت سے متعلق حالیہ قیاس آرائیاں انہوں نے واضح طور پر مسترد کر دی ہیں۔
