پاکستان اسپیس اینڈ اپر ایٹموسفیئر کمیشن (سپارکو) نے ملکی خلائی مشن کی تیاری کے سلسلے میں ایک اور تاریخی سنگِ میل عبور کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق، انسانی خلائی پرواز کے پروگرام کے تحت امیدواروں کے انتخاب کا مرحلہ کامیابی سے مکمل ہو چکا ہے، جبکہ ابتدائی جانچ پڑتال کے بعد دو امیدواروں کو اگلے مرحلے کے لیے منتخب کر لیا گیا ہے۔ اس پیش رفت کو پاکستان کے خلائی سفر کی جانب ایک غیر معمولی اور اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔
مصنوعی ذہانت کے مستقبل پر ایلون مسک کا اہم اور دلچسپ بیان
انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق، منتخب امیدواروں کو اب دو ماہ پر مشتمل خصوصی تربیت دی جائے گی، جس میں زیرو گریوٹی ماحول میں مشق، مشن آپریشنز اور ہنگامی حالات سے نمٹنے کی عملی تربیت شامل ہوگی۔
تربیتی مرحلہ مکمل ہونے کے بعد رواں سال اکتوبر یا نومبر میں ایک امیدوار کو حتمی طور پر منتخب کیا جائے گا، جو چین کے خلائی اسٹیشن پر پاکستان کی نمائندگی کرے گا۔
یہ پیش رفت پاکستان اور چین کے درمیان فروری 2025 میں طے پانے والے خلائی تعاون کے معاہدے کا حصہ ہے، جس کا مقصد سائنسی تحقیق اور خلائی ٹیکنالوجی کے شعبے میں پاکستان کی صلاحیتوں کو مزید وسعت دینا ہے۔
منفرد تصاویر بنانے والے چیٹ جی پی ٹی پرامپٹس وائرل، صارفین حیران
معاہدے کے تحت پاکستان کو چین کے خلاباز پروگرام میں شمولیت کے لیے پہلا غیر ملکی شراکت دار منتخب کیا گیا، جو دونوں ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے سائنسی اور تکنیکی تعاون کا واضح مظہر ہے اور پاکستانی نوجوانوں کے لیے خلائی سائنس کے میدان میں نئے مواقع پیدا کرے گا۔
