پاکستان میں رواں سال رمضان المبارک کے آغاز سے متعلق نئی فلکیاتی پیش گوئی جاری کر دی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق حسابات کی روشنی میں امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ملک میں پہلا روزہ 19 فروری 2026 کو ہو سکتا ہے، کیونکہ چاند کی رویت کے امکانات خاصے روشن ہیں۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ رمضان المبارک کے چاند کی پیدائش 17 فروری کو شام 5 بج کر 1 منٹ پر متوقع ہے۔
ماہرین کے مطابق پیدائش کے بعد اگلے دن چاند کی عمر اور موسمی حالات ایسے ہوں گے جو رویت کے لیے سازگار سمجھے جاتے ہیں، اس لیے چاند نظر آنے کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔
ادارے کی پیش گوئی کے مطابق 18 فروری کو پاکستان کے مختلف علاقوں میں چاند دیکھے جانے کا قوی امکان موجود ہے۔ اسی بنیاد پر یکم رمضان 19 فروری کو ہونے کی توقع ظاہر کی جا رہی ہے، تاہم اس کا حتمی اعلان مرکزی رویت ہلال کمیٹی ہی کرے گی۔
آمدہ رمضان میں روزے کتنے گھنٹے کے ہوں گے؟
کراچی کے حوالے سے محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ 18 فروری کو چاند کی عمر تقریباً 26 گھنٹے ہو گی۔ اس روز شہر میں سورج شام 6 بج کر 25 منٹ پر غروب ہوگا جبکہ چاند کا غروب 7 بج کر 24 منٹ پر متوقع ہے، جو رویت کے لیے مناسب وقت تصور کیا جاتا ہے۔
فلکیاتی تجزیے کے مطابق اگر 18 فروری کو چاند نظر آ جاتا ہے تو یکم رمضان المبارک 19 فروری بروز جمعرات ہو گی، تاہم ماہ صیام کے آغاز کا باضابطہ اعلان رویت ہلال کمیٹی کے اجلاس کے بعد ہی کیا جائے گا۔
