لاہور: ملکی تاریخ میں پہلی بار پولنگ اسٹاف سے حلف لینے کے فیصلے کے بعد لاہور میں انتخابی ڈیوٹی دینے والے عملے کے تین ہزار سات سو 87 ارکان نے حلف اٹھا لیا ہے۔
ریٹرننگ افسران اب ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر (ڈی آر او) لاہور کو پولنگ اسٹاف کے حلف نامے کی تفصیلات ارسال کریں گے، لاہور کے ریٹرننگ افسران نے مختلف اسکولوں اور سرکاری عمارتوں میں اسٹاف سے حلف لیا۔
الیکشن کمیشن نے فیصلہ کیا تھا کہ پولنگ سے قبل پریذائیڈنگ افسران ہر ضلع کے ریٹرننگ افسر سے عہدے کا حلف لیں گے، جس کے بعد پریذائیڈنگ افسر نے پولنگ کے باقی عملہ سے حلف لینا تھا۔
الیکشن کمیشن نے انتخابی عملے کو پولنگ کے وقت سے کم از کم دو گھنٹے پہلے پولنگ اسٹیشن پر پہنچنے کی ہدایت بھی کر رکھی ہے، کمیشن کی جانب سے جاری احکامات کے مطابق پولنگ عملے کو امیدوار کی جانب سے مالی معاونت یا تحفے کو رشوت تصور کیا جائے گا، پولنگ عملے پر فرائض کی ادائیگی کے دوران سیاسی رائے کے اظہار پر بھی پابندی ہوگی۔
الیکشن کمیشن کے مطابق پولنگ عملہ ایسا لباس یا علامت اختیار نہیں کرے گا جس سے کسی جماعت سے وابستگی ظاہر ہو جبکہ فرائض کی ادائیگی میں کوتاہی کے مرتکب عملے کے خلاف الیکشن کمیشن براہ راست کارروائی کرسکے گا۔
