اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت کی بینکنگ کورٹ نے بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کے خلاف غیر ملکی فنڈنگ کیس میں فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) کو چالان مکمل کرنے کے لیے صرف دو دن کی مہلت دے دی۔
عمران خان کے خلاف فارن فنڈنگ کیس کی سماعت بینکنگ کورٹ کے جج عبدالغفور کاکڑ کی عدالت میں ہوئی۔ جہاں اسپیشل پراسیکیوٹر واثق ملک بھی پیش ہوئے۔ دوران سماعت عدالت نے استفسار کیا کہ ایف آئی اے اب تک چالان مکمل کیوں نہیں کر سکی۔
اسپیشل پراسیکیوٹر واثق ملک نے عدالت کو بتایا کہ متعلقہ ملک سے رائے لینے کے لیے خطوط ارسال کیے گئے ہیں۔ جس کی وجہ سے تاخیر ہو رہی ہے۔
عدالت نے اس وضاحت پر سخت ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ یہ کیس 2022 سے زیر سماعت ہے اور تاحال اس پر مناسب توجہ نہیں دی گئی۔
عدالت نے پراسیکیوٹر کو ہدایت کی کہ وہ دو دن کے اندر اپنی کارکردگی دکھائیں۔ بصورت دیگر تفتیشی افسر کے لیے شوکاز نوٹس جاری کرنے اور ڈی جی ایف آئی اے کو طلب کرنے کے احکامات دیئے جا سکتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: متاثرین کی معاونت کیلئے جاری فنڈز کی ایک ایک پائی کا حساب رکھا جائے گا، سہیل آفریدی
اس موقع پر واثق ملک نے عدالت سے درخواست کی کہ چالان مکمل کرنے کے لیے ایک ہفتے یا 10 دن کی مہلت دی جائے۔ اور فی الحال شوکاز نوٹس جاری نہ کیے جائیں۔ عدالت نے درخواست کو زیر غور لاتے ہوئے سماعت 4 فروری تک ملتوی کر دی۔
