سی ایس ایس 2026 میں شرکت کرنے والے امیدواروں کیلئے فیڈرل پبلک سروس کمیشن (ایف پی ایس سی) نے اہم اضافی ہدایات جاری کر دی ہیں۔
ایف پی ایس سی کے مطابق سی ایس ایس 2026 کے تحریری امتحانات کا آغاز 4 فروری سے کیا جا رہا ہے، جس کے پیش نظر تمام رجسٹرڈ امیدواروں کو نئی جاری کردہ ہدایات پر سختی سے عمل کرنے کی تاکید کی گئی ہے۔
فیڈرل پبلک سروس کمیشن کی جانب سے جاری کردہ پبلک نوٹس میں کہا گیا ہے کہ تحریری امتحان کیلئے رجسٹرڈ امیدوار اپنے قومی شناختی کارڈ یا پاسپورٹ کی میعاد لازماً چیک کریں اور میعاد ختم ہونے سے قبل اس کی تجدید کرائیں۔
ایف پی ایس سی نے واضح کیا ہے کہ زائدالمیعاد قومی شناختی کارڈ یا پاسپورٹ امتحانی ہال میں داخلے کیلئے قابل قبول نہیں ہوگا اور اس صورت میں امیدوار کو امتحان میں بیٹھنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
پبلک نوٹس کے مطابق امیدواروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ امتحان کے آغاز سے کم از کم 50 منٹ قبل اپنی مقررہ نشست پر موجود ہوں تاکہ شناختی عمل اور دیگر ضروری کارروائیاں بروقت مکمل کی جا سکیں۔ کمیشن نے واضح کیا ہے کہ تاخیر سے آنے والے امیدواروں کو امتحانی ہال میں داخلے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
ایف پی ایس سی نے مزید ہدایت کی ہے کہ امتحانی ہال میں کسی بھی قسم کا اضافی مواد لے جانے کی قطعی اجازت نہیں ہوگی۔ اس میں اسٹینسلز، اضافی کاغذات، نوٹس یا کوئی اور غیر متعلقہ سامان شامل ہے۔ امیدواروں کو صرف وہی اشیاء ساتھ رکھنے کی اجازت ہوگی جن کی اجازت پہلے سے جاری ہدایات میں دی گئی ہے۔
فیڈرل پبلک سروس کمیشن کا کہنا ہے کہ امیدوار نہ صرف حالیہ اضافی ہدایات بلکہ اس سے قبل جاری کردہ تمام ہدایات پر بھی مکمل عمل یقینی بنائیں۔ کمیشن نے خبردار کیا ہے کہ ہدایات کی خلاف ورزی کی صورت میں امیدوار کے خلاف کارروائی کی جا سکتی ہے، جس میں امتحان سے نااہلی بھی شامل ہو سکتی ہے۔
ایف پی ایس سی کے مطابق یہ اقدامات امتحانی نظام میں شفافیت، نظم و ضبط اور میرٹ کو یقینی بنانے کیلئے کیے جا رہے ہیں۔ امیدواروں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ امتحان سے قبل تمام ہدایات بغور پڑھیں اور کسی بھی مشکل سے بچنے کیلئے مکمل تیاری کے ساتھ امتحانی مراکز پر پہنچیں۔
