وزارتِ مذہبی امور نے حج 2026 کے عازمین کیلئے سعودی ویزہ بائیو میٹرک سے متعلق اہم گائیڈ لائنز جاری کر دی ہیں۔
ترجمان وزارتِ مذہبی امور کے مطابق حج 2026 کیلئے منتخب ہونے والے تمام عازمین کیلئے سعودی ویزہ بائیو میٹرک کا عمل مکمل کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے، بصورتِ دیگر حج ویزہ جاری نہیں کیا جائے گا۔
وزارتِ مذہبی امور کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ تمام عازمین کو ’’سعودی ویزہ بائیو‘‘ موبائل ایپ کے ذریعے اپنا بائیو میٹرک مکمل کرنا ہوگا۔ اس ایپ کے ذریعے فنگر پرنٹس اور دیگر بائیو میٹرک معلومات فراہم کی جائیں گی تاکہ سعودی حکام کی جانب سے ویزہ کے اجراء کے عمل کو بروقت مکمل کیا جا سکے۔
ترجمان کے مطابق بعض عازمین کو ایپ کے ذریعے بائیو میٹرک کے دوران فنگر پرنٹس میچ نہ ہونے یا تکنیکی مسائل کا سامنا ہو سکتا ہے۔ ایسے عازمین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ کسی بھی صورت میں 8 فروری تک قریبی تاشیر سینٹر سے رجوع کریں اور وہاں جا کر اپنا بائیو میٹرک مکمل کرائیں۔ وزارت نے واضح کیا ہے کہ مقررہ تاریخ تک بائیو میٹرک مکمل نہ کروانے کی صورت میں حج ویزہ جاری نہیں کیا جائے گا، جس کی تمام تر ذمہ داری متعلقہ عازم پر عائد ہوگی۔
وزارتِ مذہبی امور کا کہنا ہے کہ سعودی حکومت کی جانب سے بائیو میٹرک کے عمل کو حج انتظامات کا لازمی حصہ قرار دیا گیا ہے، جس کا مقصد عازمین کے ڈیٹا کی درستگی، سیکیورٹی اور امیگریشن کے عمل کو مزید مؤثر بنانا ہے۔
حکام نے عازمین کو مشورہ دیا ہے کہ وہ آخری تاریخ کا انتظار کرنے کے بجائے جلد از جلد ’’سعودی ویزہ بائیو‘‘ ایپ کے ذریعے اپنا بائیو میٹرک مکمل کریں تاکہ کسی قسم کی تاخیر یا مشکلات سے بچا جا سکے۔
وزارتِ مذہبی امور کے مطابق حج 2026 کے انتظامات کو بروقت اور شفاف بنانے کیلئے تمام عازمین کا تعاون ناگزیر ہے، جبکہ بائیو میٹرک سے متعلق ہدایات پر مکمل عمل درآمد حج ویزہ کے اجراء کیلئے نہایت اہم ہے۔
