ہالی ووڈ کی مشہور فلم ‘ہوم الون’ میں یادگار کردار ادا کرنے والی نامور اداکارہ اور کامیڈین کیتھرین اوہارا 71 برس کی عمر میں وفات پا گئیں۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق، کیتھرین اوہارا نے فلم ‘ہوم الون’ میں شرارتی بچے کی ماں کا کردار ادا کر کے دنیا بھر میں بے پناہ شہرت حاصل کی تھی۔ ان کے منیجر نے اداکارہ کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ وہ مختصر علالت کے بعد دنیا سے رخصت ہو گئیں، تاہم بیماری کی نوعیت سے متعلق مزید تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔
عمران ہاشمی کا بیٹے کی بیماری کے حوالے سے دل دہلا دینے والا بیان
کینیڈا سے تعلق رکھنے والی کیتھرین اوہارا ایک باصلاحیت اداکارہ اور ممتاز کامیڈین تھیں، جنہوں نے فلم اور ٹیلی ویژن دونوں میدانوں میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔

فلم ‘ہوم الون’ میں بچے کا مرکزی کردار ادا کرنے والے معروف اداکار میکالے کلکن نے اپنی ساتھی اداکارہ اور اسکرین پر ماں کا کردار نبھانے والی کیتھرین اوہارا کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر جذباتی خراجِ عقیدت پیش کیا، جو مداحوں کے دلوں کو چھو گیا۔
میکالے کلکن نے انسٹاگرام پر دو تصاویر شیئر کیں، جن میں سے ایک تصویر فلم ‘ہوم الون’ کی شوٹنگ کے دوران کی ہے، جس میں کیتھرین اوہارا ننھے کلکن کو محبت سے گلے لگائے دکھائی دے رہی ہیں، جبکہ دوسری تصویر 2024 کی ہالی وڈ واک آف فیم تقریب کی ہے، جس میں وہ ایک بار پھر انہیں بانہوں میں لیے ہوئے نظر آ رہی ہیں۔
View this post on Instagram
تصاویر کے ساتھ میکالے کلکن نے ایک درد بھرا پیغام بھی لکھا کہ ماں! مجھے لگا ہمارے پاس وقت ہے، میں چاہتا تھا کہ تمہارے پاس بیٹھوں، تمہیں سنوں، مگر ابھی بہت کچھ کہنا تھا۔ میں تم سے محبت کرتا ہوں۔ پھر ملاقات ہوگی۔
کیتھرین اوہارا کے پسماندگان میں ان کے شوہر، معروف پروڈکشن ڈیزائنر بو ویلچ، اور دو بیٹے، میتھیو اور لوک، شامل ہیں۔
واضح رہے کہ عالمی سطح پر انہیں سب سے زیادہ شہرت فلم ‘ہوم الون’ میں کیون میکالسٹر کی ماں، کیٹ میکالسٹر، کا کردار ادا کرنے سے حاصل ہوئی، جبکہ بعد ازاں ٹی وی سیریز ‘شِٹس کریک’ میں موئیرا روز کے کردار نے انہیں نئی نسل میں بھی غیر معمولی مقبولیت دلائی۔ اسی کردار کے لیے انہیں 2020 میں ایمی ایوارڈ سے بھی نوازا گیا۔
