امریکا اور ایران کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی اور خلیج کے خطے میں غیر یقینی صورتحال کے باعث ملک بھر میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑے اضافے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
متعلقہ حکام کی جانب سے تیار کردہ تخمینوں کے مطابق یکم فروری 2026 سے آئندہ پندرہ روز کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ متوقع ہے، جس میں ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں فی لیٹر 9.47 روپے تک اضافہ ہو سکتا ہے۔
حکام کے مطابق مٹی کے تیل کی قیمت میں 3.69 روپے فی لیٹر جبکہ لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں 6.95 روپے فی لیٹر اضافے کی توقع ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ خلیج میں جاری کشیدگی کے باعث عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ دیکھا جا رہا ہے، جس کا براہِ راست اثر پاکستان جیسے تیل درآمد کرنے والے ممالک پر پڑ رہا ہے۔
پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کسی بھی اضافے سے مہنگائی، ٹرانسپورٹ کے اخراجات اور روزمرہ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پر مزید دباؤ پڑنے کا خدشہ ہے۔
حتمی فیصلہ آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کی سفارشات کی روشنی میں وفاقی حکومت کرے گی۔
