محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف حصوں میں مزید بارش اور برفباری کا امکان ظاہر کر دیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد میں موسم سرد رہنے کے ساتھ مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔
بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے، جبکہ کوئٹہ، زیارت، چمن، پشین، چاغی، نوکنڈی اور دالبندین میں بارش متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ مری، گلیات اور گرد و نواح میں بارش اور برفباری کا امکان ہے، جس کے باعث سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔
خیبرپختونخوا کے بالائی علاقوں چترال، دیر، کوہستان، سوات اور کلام میں بھی چند مقامات پر بارش اور برفباری متوقع ہے۔
اسی طرح گلگت بلتستان میں بھی چند مقامات پر بارش اور برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آزاد کشمیر میں موسم سرد اور مطلع ابر آلود رہنے کا امکان ہے، جبکہ بعض علاقوں میں ہلکی بارش یا برفباری بھی ہو سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔
