کراچی جانے والی ہزارہ ایکسپریس منڈی بہاؤالدین کے علاقے مونہ ریلوے اسٹیشن کے قریب پٹڑی سے اتر گئی۔
رپورٹس کے مطابق ہزارہ سے کراچی جانے والی ہزارہ ایکسپریس کی پانچ بوگیاں اس وقت پٹڑی سے اتر گئیں جب ٹرین مونہ ریلوے اسٹیشن کے قریب پہنچی۔ خوش قسمتی سے حادثے میں کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا۔
ریلوے ذرائع کا کہنا ہے کہ کوچز کی بحالی اور ٹرین کو دوبارہ روانہ کرنے کے لیے فوری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ متاثرہ بوگیوں کی بحالی کے لیے ریلیف ٹرین لالہ موسیٰ سے روانہ کر دی گئی ہے۔
حکام کے مطابق حادثے کی وجہ پرانا، خراب اور کمزور ریلوے ٹریک بنا۔ انگریز دور میں بچھائی گئی یہ ریلوے لائن طویل عرصے سے خستہ حالی کا شکار ہے، جس کے باعث اس ٹریک پر آئے روز ایسے حادثات پیش آتے رہتے ہیں۔
واقعے کے بعد ریلوے حکام نے ٹریک کی جانچ پڑتال شروع کر دی ہے جبکہ مسافروں کو متبادل سہولیات فراہم کرنے کی کوششیں بھی جاری ہیں۔
