پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ہونے والی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے کمنٹری پینل کا باضابطہ اعلان کر دیا گیا ہے۔
کرکٹ شائقین کو سیریز کے دوران تجربہ کار اور معروف ناموں کی آواز میں میچ کی کمنٹری سننے کو ملے گی۔
اعلان کے مطابق کمنٹری پینل میں رمیز راجہ، عامر سہیل، بازید خان، سابق آسٹریلوی کرکٹر سائمن کیٹچ اور معروف براڈکاسٹر عروج ممتاز شامل ہیں۔
پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ٹی ٹوئنٹی سیریز کا آغاز کل جمعرات سے ہوگا۔ تین میچز پر مشتمل اس سیریز کا دوسرا میچ 31 جنوری جبکہ تیسرا اور آخری میچ یکم فروری کو کھیلا جائے گا۔ تمام میچز شام 4 بجے شروع ہوں گے۔
سیریز کی ہائی ڈیفینیشن کوریج کے لیے 28 کیمروں کا استعمال کیا جائے گا۔ نشریات میں بگی کیم، ہاک آئی اور الٹرا ایج جیسی جدید ٹیکنالوجی شامل کی گئی ہے جبکہ ڈی آر ایس ٹیکنالوجی تمام میچز میں دستیاب ہوگی۔
پاک آسٹریلیا ٹی 20 سیریز، ٹکٹوں کی فروخت کا آغاز ہو گیا
پاکستان میں میچز براہِ راست پی ٹی وی اسپورٹس پر نشر کیے جائیں گے، جبکہ ڈیجیٹل پلیٹ فارمز تماشا، ٹیپ میڈ اور مائیکو پر لائیو اسٹریمنگ بھی دستیاب ہوگی۔
بین الاقوامی سطح پر بنگلہ دیش میں ٹی اسپورٹس، شمالی امریکا میں Willow، مشرقِ وسطیٰ میں Cricbuzz، افریقہ میں SuperSport اور آسٹریلیا میں Fox Sports میچز نشر کریں گے۔
