رمضان المبارک 2026 کے دوران دنیا کے مختلف حصوں میں روزے کے دورانیے سے متعلق تفصیلات سامنے آ گئی ہیں، جو موسم اور جغرافیائی محلِ وقوع کے باعث ایک ملک سے دوسرے ملک میں مختلف ہوں گی۔
پاکستان میں رمضان المبارک کے دوران روزے کا دورانیہ تقریباً 13 سے ساڑھے 13 گھنٹے کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔ ماہِ رمضان کے آغاز پر روزہ تقریباً 13 گھنٹے کا ہوگا، جو مہینے کے اختتام تک بتدریج بڑھ کر ساڑھے 13 گھنٹے تک پہنچ سکتا ہے۔
دیگر مسلم ممالک میں بھی رمضان 2026 کے دوران روزے کے اوقات مختلف ہوں گے۔ ابتدائی دنوں میں کئی ممالک میں روزے کا دورانیہ تقریباً 12 گھنٹے رہنے کا امکان ہے، جو ماہ کے آخر تک بڑھ کر 13 گھنٹے تک جا سکتا ہے۔
ماہرین کے مطابق چونکہ رمضان 2026 موسمِ سرما کے اختتام اور شمالی نصف کرے میں بہار کے آغاز کے قریب آئے گا، اس لیے دن کی روشنی کے اوقات پورے مہینے میں بتدریج بڑھتے جائیں گے، جس کے باعث رمضان کے آخری ایام میں روزے نسبتاً طویل ہوں گے۔
روزے کے دورانیے میں ملکوں کے درمیان فرق کی بنیادی وجہ جغرافیہ ہے۔ خطِ استوا کے قریب واقع ممالک میں دن اور رات کے اوقات نسبتاً متوازن رہتے ہیں، جب کہ شمالی یا جنوبی عرضِ بلد والے علاقوں میں موسمی تبدیلیاں زیادہ نمایاں ہوتی ہیں۔
مشرق وسطیٰ اور شمالی افریقہ کے بیشتر مسلم اکثریتی ممالک میں رمضان کے آغاز پر دن نسبتاً چھوٹے ہوں گے اور روزے کا دورانیہ آہستہ آہستہ بڑھے گا۔ مصر میں روزے کا وقت تقریباً 12 گھنٹے 40 منٹ سے شروع ہو کر ماہ کے اختتام تک 13 گھنٹے تک پہنچنے کی توقع ہے۔
سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، قطر، کویت، بحرین اور عمان سمیت خلیجی ریاستوں میں بھی روزے کا دورانیہ عمومی طور پر 12 سے 13 گھنٹے کے درمیان رہنے کا امکان ہے، تاہم مختلف شہروں میں غروبِ آفتاب کے اوقات کے باعث معمولی فرق ہو سکتا ہے۔
شمالی افریقہ کے ممالک مراکش، الجزائر اور تیونس میں بھی طول البلد اور مقامی غروبِ آفتاب کے اوقات کے باعث روزے کے دورانیے میں ہلکا سا فرق متوقع ہے۔
یورپ میں، خاص طور پر برطانیہ، جرمنی اور اسکینڈینیویا کے ممالک میں بلند عرضِ بلد کی وجہ سے مسلمان نسبتاً طویل روزے رکھیں گے، جو مشرق وسطیٰ کے مقابلے میں نمایاں طور پر زیادہ ہوں گے، اگرچہ 2026 میں یہ دورانیہ انتہائی طویل نہیں ہوگا۔
امریکا کے شہر نیویارک میں رمضان کے آغاز پر روزے کا دورانیہ تقریباً ساڑھے 12 گھنٹے رہنے کا امکان ہے، جو مارچ کے اوائل میں بڑھ کر 13 گھنٹے یا اس سے کچھ زیادہ ہو سکتا ہے۔
واضح رہے کہ رمضان المبارک 2026 کی تاریخ کا حتمی اعلان چاند دیکھنے کے بعد کیا جائے گا۔ متحدہ عرب امارات میں اکتوبر 2025 میں کیے گئے فلکیاتی حسابات کے مطابق رمضان کا آغاز 19 فروری 2026 کو متوقع ہے، تاہم سعودی عرب میں 29 شعبان کو رویتِ ہلال کے بعد حتمی تاریخ کا اعلان کیا جائے گا۔
