معروف یوٹیوبر رجب بٹ ان دنوں خاندانی معاملات اور اپنی ازدواجی زندگی کے حوالے سے خبروں کی زَد میں ہیں، تاہم ان کی طلاق سے متعلق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی افواہوں کو اہلِ خانہ نے سختی سے مسترد کر دیا ہے۔
اس حوالے سے رجب بٹ کی ساس، لبنیٰ جبین نے انسٹاگرام پر جاری اسٹوری میں واضح کیا ہے کہ رشتہ بدستور قائم ہے اور ان شاء اللہ برقرار رہے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر کچھ مسائل موجود ہیں تو انہیں باہمی مشاورت سے حل کیا جا رہا ہے۔
لبنیٰ جبین کے مطابق ایمان رجب نے اپنی شادی جاری رکھنے کا واضح ارادہ ظاہر کیا ہے اور دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ اس جوڑے کو سکون، سمجھ بوجھ اور ہم آہنگی عطا فرمائے، خصوصاً ان کے بیٹے کیوان سلطان کی بہتری اور مستقبل کے پیشِ نظر۔
انہوں نے سوشل میڈیا پر پرائیویسی کی خلاف ورزی اور دھمکی آمیز رویے پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایسے اقدامات نہ صرف غیر اخلاقی ہیں بلکہ ان کے قانونی نتائج بھی ہو سکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ذاتی اور خاندانی معاملات کو شہرت یا عوامی دباؤ کے لیے استعمال نہیں کیا جانا چاہیے۔
اہلِ خانہ نے عوام سے مودبانہ اپیل کی کہ احترام، صبر اور ہمدردی کا مظاہرہ کریں اور خاندان کے لیے دعا کریں تاکہ معاملات سکون، صلح اور وقار کے ساتھ حل ہو سکیں۔
