پاکستان کرکٹ ٹیم کی آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں شرکت یا عدم شرکت سے متعلق اہم فیصلہ جلد متوقع ہے۔
بھارتی ہٹ دھرمی اور انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی جانب سے بنگلادیش کو نامناسب طریقے سے عالمی ٹی ٹوئنٹی کپ سے باہر کیے جانے کے بعد پاکستان کی جانب سے سخت ردعمل سامنے آنے کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں شرکت کے حوالے سے حکومت پاکستان سے اجازت طلب کی جائے گی۔
نجی ٹی وی کے مطابق وزیراعظم پاکستان شہباز شریف اور چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کے درمیان کل اہم ملاقات متوقع ہے، جس میں ورلڈ کپ میں شرکت سمیت بھارت کے خلاف میچ نہ کھیلنے کے آپشن پر بھی غور کیا جائے گا۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ بنگلادیشی ٹیم کے ساتھ روا رکھے گئے نامناسب رویے کے بعد پاکستان کی جانب سے ورلڈ کپ سے دستبرداری پر بھی سنجیدگی سے غور کیا جا رہا ہے۔
فروری میں پاکستان اور بھارت کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان 3 میچز، تاریخیں بھی سامنے آگئیں
دوسری جانب چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں سے ملاقات کر کے انہیں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے حوالے سے پی سی بی کے مؤقف سے آگاہ کیا۔ کھلاڑیوں نے چیئرمین پی سی بی کے اصولی مؤقف کو سراہتے ہوئے مکمل حمایت کا اظہار کیا۔
محسن نقوی نے اس موقع پر پاک آسٹریلیا ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے قومی ٹیم کو نیک خواہشات بھی پیش کیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت میں نہ کھیلنے پر بنگلادیش کرکٹ بورڈ کا مؤقف اصولوں پر مبنی ہے اور پاکستان کرکٹ بورڈ آئی سی سی کے دہرے معیار کو مکمل طور پر مسترد کرتا ہے۔
