محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف حصوں میں بارش اور برفباری کے باعث لینڈ سلائیڈنگ کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔
بالائی خیبر پختونخوا، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق برفباری کے باعث ناران، کاغان، دیر، سوات اور کالام میں ٹریفک متاثر ہونے کا امکان ہے، جبکہ چترال، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد، شانگلہ اور دیگر علاقوں میں مزید برفباری متوقع ہے۔
استور، ہنزہ، سکردو، مری، گلیات، وادی نیلم اور باغ میں بارش اور برفباری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ آزاد جموں و کشمیر کے علاقوں پونچھ اور حویلی میں بھی مزید بارش اور برفباری کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
بلوچستان کے مختلف علاقوں کوئٹہ، زیارت، چمن، پشین، قلعہ عبداللہ اور قلعہ سیف اللہ میں مزید برفباری متوقع ہے، جبکہ نوشکی، ہرنائی اور ژوب میں برفباری کے باعث سڑکیں بند ہونے کا خدشہ ہے۔
ملک میں بارش برسانے والا طاقتور سسٹم آج داخل ہونے کا امکان
محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد میں رات کے وقت تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، جبکہ سندھ کے علاقوں سکھر، لاڑکانہ، جیکب آباد، دادو اور گردونواح میں بھی بارش کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں اور مسافروں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔
