محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ آج رات اور 23 جنوری کے دوران ملک کے بالائی علاقوں میں تیز بارش اور شدید برفباری کے باعث معمولاتِ زندگی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
ناران، کاغان، دیر، سوات، کالام، چترال، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد، شانگلہ، استور، ہنزہ، اسکردو، مری، گلیات، وادیٔ نیلم، باغ، پونچھ، حویلی اور راولاکوٹ میں سڑکوں کے بند ہونے، پھسلن اور ٹریفک کی روانی میں خلل کا اندیشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق تیز بارش اور شدید برفباری کے نتیجے میں بالائی خیبر پختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان کے مقامی ندی نالوں میں طغیانی جبکہ پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور برفانی تودے گرنے کا خطرہ بھی موجود ہے۔ اس دوران سیاحوں کو محتاط رہنے اور غیر ضروری سفر سے اجتناب کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
جمعرات کے روز خیبر پختونخوا، کشمیر، گلگت بلتستان، اسلام آباد اور بالائی و وسطی پنجاب میں اکثر مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے سے بارش جبکہ پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔
بالائی علاقوں میں بعض مقامات پر درمیانی سے شدید بارش اور برفباری بھی ہو سکتی ہے۔ اسی دوران جنوبی پنجاب، سندھ اور شمالی و شمال مشرقی بلوچستان میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
جمعہ کے روز بھی بالائی خیبر پختونخوا، کشمیر، گلگت بلتستان، اسلام آباد اور بالائی پنجاب میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان برقرار رہے گا، جبکہ ملک کے دیگر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کی توقع ہے۔
ملک کے مختلف شہروں میں موسلا دھاربارش،برفباری
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران خیبر پختونخوا، بلوچستان، پنجاب اور سندھ کے مختلف علاقوں میں کہیں کہیں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری ریکارڈ کی گئی۔ سب سے زیادہ بارش پاراچنار میں 88 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔
پنجاب میں کرور (لیہ) 10، بھکر 9 اور ڈی جی خان میں 6 ملی میٹر بارش ہوئی۔ بلوچستان میں ژوب میں 10 اور سندھ میں جیکب آباد اور سکھر میں 10 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ اس دوران پاراچنار، کوئٹہ اور قلات میں دو انچ تک برفباری بھی ریکارڈ کی گئی۔
آج ریکارڈ کیے گئے کم سے کم درجہ حرارت کے مطابق لہہ میں منفی 11، گوپس، اسکردو، بگروٹ اور پاراچنار میں منفی 5، کالام میں منفی 4 اور مالم جبہ میں منفی 3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
محکمہ موسمیات اور متعلقہ اداروں نے شہریوں اور مسافروں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور موسمی صورتحال کے پیش نظر الرٹس پر عملدرآمد کی ہدایت کی ہے۔
