بھارتی شہر سورت میں ایک انوکھا اور حیران کن واقعہ پیش آیا، جہاں ایک 57 سالہ شخص دسویں منزل سے گرنے کے باوجود معجزانہ طور پر محفوظ رہا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق، نیتن نامی شخص اپنی رہائش گاہ کے دسویں فلور پر کھڑکی کے قریب آرام کر رہا تھا۔ نیند کے دوران کروٹ لیتے ہوئے اس کا توازن بگڑ گیا اور وہ بے اختیار کھڑکی سے باہر جا گرا۔
دنیا کے خاتمے کی جھوٹی پیش گوئی کرنے والا نوجوان گرفتار
قسمت نے اس لمحے ایسا ساتھ دیا کہ اس کی ایک ٹانگ آٹھویں منزل پر موجود فلیٹ کی کھڑکی پر نصب لوہے کی جالی میں اٹک گئی، جس کی بدولت وہ مزید نیچے گرنے سے محفوظ رہا اور الٹے انداز میں وہاں معلق رہ گیا۔
موقع پر موجود افراد کے مطابق نیتن کافی دیر تک اسی حالت میں معلق رہا، اور یہ منظر انتہائی دل دہلا دینے والا تھا۔ ویڈیوز سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہیں۔ ان میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ متاثرہ شخص ہوا میں الٹا لٹکا ہوا ہے اور اس کی ٹانگ جالی میں پھنس گئی، جس نے دیکھنے والوں کے دل دہلا دیے۔
اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ اور ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچیں۔ امدادی کارکنوں نے مکمل احتیاط کے ساتھ اوپر کی منزل سے رسیوں اور حفاظتی بیلٹس کے ذریعے نیتن کو محفوظ کیا، جبکہ نیچے حفاظتی جال بچھا کر کسی بھی ممکنہ خطرے سے بچاؤ کیا گیا۔
تقریباً ایک گھنٹے کی مسلسل اور باریک بینی سے کی گئی کارروائی کے بعد ریسکیو اہلکار نیتن کی ٹانگ کو جالی سے نکالنے میں کامیاب ہو گئے۔ اس کامیاب آپریشن پر وہاں موجود افراد نے سکون کا سانس لیا اور امدادی ٹیم کی مہارت کو سراہا۔
شوہر نے شک کی بنیاد پر بیوی کو بچوں کے سامنے آگ لگا دی
ریسکیو کے مکمل ہونے کے فوراً بعد نیتن کو قریبی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں اس کا علاج جاری ہے۔ ڈاکٹروں کے مطابق اس کی حالت اب خطرے سے باہر ہے اور وہ ایک بڑے حادثے سے غیر معمولی طور پر محفوظ رہا، جسے لوگ خوش قسمتی اور قدرتی کرشمہ قرار دے رہے ہیں۔
