وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں یکم جنوری سے بغیر ایم ٹیگ گاڑیوں کے داخلے پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔
وزیر داخلہ کے احکامات پر بغیر ایم ٹیگ گاڑیوں کے خلاف کارروائیاں شروع کی جائیں گی۔
ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے شہر بھر میں قائم تمام ایم ٹیگ پوائنٹس پر پراسسنگ کے عمل کو تیز کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔ ڈی سی اسلام آباد کے مطابق شہریوں کی سہولت کے لیے شہر کے مختلف علاقوں میں ایم ٹیگ کے حصول کے لیے 16 پوائنٹس قائم کیے گئے ہیں۔
انتظامیہ کے مطابق 14 نومبر سے اب تک مجموعی طور پر ایک لاکھ کے قریب گاڑیوں کو ایم ٹیگ جاری کیے جا چکے ہیں۔ بغیر ایم ٹیگ گاڑیوں کی نشاندہی جدید ٹیگ ریڈرز کی مدد سے کی جائے گی۔
اسلام آباد ٹرانسپورٹ اتھارٹی کا بس ٹرمینلز میں ایم ٹیگ اور وہیکل امیشن ٹیسٹنگ کا سخت احکامات
ڈی سی اسلام آباد کا کہنا ہے کہ ٹیگ ریڈرز کو شہر کے مختلف انٹری پوائنٹس اور ناکہ جات پر انسٹال کر دیا گیا ہے، جو یکم جنوری سے فعال ہوتے ہی بغیر ایم ٹیگ گاڑیوں کے خلاف کارروائی کا آغاز کر دیں گے۔
اس موقع پر ڈی سی اسلام آباد عرفان میمن نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ کسی بھی قانونی کارروائی یا مشکل سے بچنے کے لیے فوری طور پر اپنی گاڑی پر ایم ٹیگ لگوائیں اور انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں۔
