امریکی ریاست نیو جرسی میں دو ہیلی کاپٹر دورانِ پرواز ایک دوسرے سے ٹکرا گئے، جس کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک اور ایک شدید زخمی ہو گیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق حادثہ اتوار کو مقامی وقت کے مطابق دوپہر 12 بج کر 25 منٹ پر ہیمونٹن میونسپل ایئرپورٹ کے قریب بیسن روڈ اور نارتھ وائٹ ہارس پائیک کے علاقے میں پیش آیا۔
امریکی فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن (ایف اے اے) کے مطابق اینسٹروم ایف-28 اے اور اینسٹروم 280 سی ماڈل کے دو ہیلی کاپٹر فضا میں ٹکرا گئے، جس کے بعد دونوں زمین پر کریش لینڈ کر گئے، جبکہ ایک ہیلی کاپٹر میں آگ بھی بھڑک اٹھی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں ہیلی کاپٹروں میں صرف پائلٹس سوار تھے، تاہم ہلاک اور زخمی افراد کی شناخت تاحال ظاہر نہیں کی گئی۔
📌One person died and another was seriously injured in a helicopter crash in Hammonton, New Jersey. #BreakingNews pic.twitter.com/rqgTrxzMYa
— Vega (@Vega12991453) December 29, 2025
عینی شاہدین کی جانب سے سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی ویڈیوز میں جائے حادثہ سے دھوئیں کے گہرے بادل اٹھتے دکھائی دیے، جبکہ ایک ویڈیو میں ہیلی کاپٹر کو بے قابو ہو کر زمین سے ٹکراتے دیکھا جا سکتا ہے۔
ہیمونٹن فائر ڈیپارٹمنٹ نے بھی ایوی ایشن سے متعلق حادثے پر کارروائی کی تصدیق کی ہے۔ ایف اے اے اور نیشنل ٹرانسپورٹیشن سیفٹی بورڈ (این ٹی ایس بی) نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
