ایکواڈور کے جنوب مغربی ساحلی شہر پورٹو لوپیز میں ساحل کے ساتھ بنے بورڈ واک پر مسلح افراد کی فائرنگ سے دو سالہ بچی سمیت چھ افراد ہلاک ہو گئے، جب کہ تین افراد زخمی ہو گئے۔
پولیس کے مطابق اتوار کے روز ایک وین اور دو موٹر سائیکلوں پر سوار مسلح افراد نے اچانک ساحلی بورڈ واک پر فائرنگ شروع کر دی اور موقع سے فرار ہو گئے۔ یہ علاقہ وہیل واچنگ کے باعث سیاحوں میں خاصا مقبول سمجھا جاتا ہے۔
مقامی میڈیا کے مطابق یہ رواں ہفتے کے دوران پورٹو لوپیز میں تیسرا مہلک حملہ ہے، جس کے بعد شہر میں ہلاکتوں کی مجموعی تعداد نو ہو گئی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی شواہد کے مطابق واقعہ مجرمانہ گروہوں کے درمیان اندرونی تنازع کا نتیجہ ہو سکتا ہے، تاہم حملہ آوروں کی گرفتاری تاحال عمل میں نہیں آ سکی۔
ایکواڈور کولمبیا اور پیرو کے درمیان واقع ہے، جو دنیا میں کوکین کے سب سے بڑے برآمد کنندگان ہیں، اور حالیہ برسوں میں منشیات فروش گروہوں سے منسلک تشدد میں خطرناک حد تک اضافہ ہوا ہے۔
صدر ڈینیئل نوبوا کی جانب سے سخت پالیسیوں کے باوجود گینگ تشدد پر قابو نہیں پایا جا سکا، اور سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک اس سال فی ایک لاکھ آبادی پر 52 قتل کی ریکارڈ شرح کی جانب بڑھ رہا ہے۔
