معروف پاکستانی اداکارہ مہربانو نے بالآخر اپنی ازدواجی زندگی سے متعلق گردش کرنے والی افواہوں پر خاموشی توڑتے ہوئے واضح کر دیا ہے کہ وہ اس وقت شادی شدہ نہیں ہیں۔
اداکارہ کے اس بیان کے بعد سوشل میڈیا اور مداحوں کے حلقوں میں کئی ماہ سے جاری قیاس آرائیوں کا خاتمہ ہو گیا ہے۔
مہربانو، جو ڈراموں اور فلموں میں اپنے بے خوف اور جرات مندانہ کرداروں کی وجہ سے پہچانی جاتی ہیں، نے یہ انکشاف انسٹاگرام پر ایک سوال و جواب (Q&A) سیشن کے دوران کیا۔ سیشن کے دوران ایک مداح نے ان سے براہِ راست سوال کیا کہ ’’کیا آپ شادی شدہ ہیں؟‘‘ جس پر اداکارہ نے مختصر مگر واضح جواب دیتے ہوئے کہا، ’’نہیں۔‘‘ان کے اس سادہ اور دو ٹوک جواب نے افواہوں کی تمام گنجائش ختم کر دی۔

یاد رہے کہ مہربانو اور شاہ رخ کاظم علی کی شادی سال 2022 میں ہوئی تھی، جس کے بعد دونوں کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر خاصی توجہ حاصل کرتی رہی تھیں۔ تاہم ستمبر 2025 میں مداح اس وقت حیران رہ گئے جب مہربانو کے انسٹاگرام اکاؤنٹ سے ان کے شوہر سے متعلق تمام تصاویر اچانک غائب ہو گئیں، حتیٰ کہ شادی کی تصاویر بھی پروفائل پر موجود نہ رہیں۔
عام طور پر سوشل میڈیا پر متحرک اور اظہارِ خیال میں بے باک مہربانو کی جانب سے اس معاملے پر طویل خاموشی نے طلاق یا علیحدگی کی افواہوں کو مزید تقویت دی تھی۔ مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر اس حوالے سے چہ مگوئیاں جاری تھیں، تاہم اداکارہ نے کبھی براہِ راست اس پر بات نہیں کی۔
اب مہربانو کی جانب سے خود کو غیر شادی شدہ قرار دینے کے بعد یہ معاملہ ایک بار پھر خبروں کی زینت بن گیا ہے۔ شوبز حلقوں میں ان کے اس بیان کو ذاتی زندگی سے متعلق ایک واضح مؤقف قرار دیا جا رہا ہے، جبکہ مداحوں کی جانب سے بھی اس وضاحت کے بعد مختلف ردعمل سامنے آ رہے ہیں۔
واضح رہے کہ مہربانو اس سے قبل بھی اپنے خیالات اور فیصلوں کا اظہار بلا جھجھک کرتی رہی ہیں، اور ان کا حالیہ بیان بھی اسی بے باکی کا تسلسل قرار دیا جا رہا ہے۔
