جاپان کے مشرقی صوبے گنما میں کن ایٹسُو ایکسپریس وے پر برف کے باعث 67 گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں، حادثے میں کم از کم دو افراد ہلاک اور 26 زخمی ہوئے ہیں۔
حادثہ شام تقریباً ساڑھے سات بجے مناکامی قصبے کے قریب پیش آیا، جہاں پولیس کے مطابق شدید سردی کے باعث سڑک پر برف جم گئی تھی اور گاڑیاں پھسلنے لگیں۔ تصادم کا آغاز اس وقت ہوا جب ایک بڑی ٹرک ایک سائیڈ پر رکی ہوئی درمیانے درجے کی ٹرک سے ٹکرا گئی، جس کے بعد پیچھے آنے والی درجنوں گاڑیاں ایک دوسرے سے جا ٹکرائیں۔
پولیس کے مطابق حادثے کے نتیجے میں تقریباً 300 میٹر کے علاقے میں گاڑیاں آپس میں پھنستی چلی گئیں۔ اس دوران ایک گاڑی میں آگ بھی بھڑک اٹھی، جس سے کم از کم 20 گاڑیاں جل کر تباہ ہو گئیں۔
سانگھڑ میں باراتیوں کی گاڑی کو حادثہ، دولہا دلہن سمیت 12 افراد زخمی
ہلاک ہونے والوں میں 77 سالہ میوکی واکیتا شامل ہیں، جو اپنے اہلِ خانہ کے ساتھ سفر کر رہی تھیں اور گاڑی کی پچھلی نشست پر بیٹھی تھیں۔ دوسری لاش ہفتے کی صبح ایک ٹرک کے ڈرائیونگ سیٹ سے برآمد ہوئی، جس کی شناخت کا عمل جاری ہے۔
ریسکیو حکام کے مطابق زخمیوں کو قریبی اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے، جبکہ پولیس حادثے کی مزید وجوہات کی تحقیقات کر رہی ہے۔ ابتدائی طور پر منجمد سڑک اور پھسلن کو حادثے کی بنیادی وجہ قرار دیا جا رہا ہے۔
