پاکستان تحریک انصاف یوکے نے بریڈ فورڈ میں احتجاج خے دوران فوجی قیادت سے متعلق خاتون کی تقریر سے لاتعلقی کا اظہار کردیا۔
ذرائع کے مطابق، برطانیہ میں پی ٹی آئی کے آفیشل ایکس اکاؤنٹ پر 23 دسمبر کو پوسٹ کی گئی ویڈیو میں بریڈفورڈ میں پاکستانی قونصلیٹ کے باہر مظاہرین کو فوجی قیادت کو براہِ راست دھمکیاں دیتے ہوئے دکھایا گیا تھا، اور پوسٹ میں پارٹی کے جھنڈے بھی نظر آئے۔
تاہم، پی ٹی آئی یو کے نے ہفتے کی صبح اس پوسٹ کو ہٹا دیا اور کہا کہ یہ محض ایک شہری کے ’’استعارہاتی بیانات‘‘ تھے اور پارٹی کسی بھی غیر قانونی رویے کی حمایت نہیں کرتی۔
پی ٹی آئی نے کہا کہ پوسٹ کو ہٹانے کا مقصد کسی بھی غلط فہمی سے بچنا اور شہری کے قانونی حقوق کی حفاظت کرنا تھا۔ اس نے مزید کہا کہ پاکستان میں اور بیرون ملک پاکستانی شہری غیر معمولی دباؤ کا سامنا کر رہے ہیں، اور حکومت سے مطالبہ کیا کہ ایسے مقدمات کی تحقیقات کو ترجیح دی جائے۔
واضح رہےسابق پی ٹی آئی رہنما عمران اسماعیل نے پارٹی سے مطالبہ کیا تھاکہ وہ اس غیر ذمہ دارانہ اور اشتعال انگیز بیان کی واضح مذمت کرے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے بیانات پاکستان کے قومی مفاد کے لیے نقصان دہ ہیں، سیاسی ماحول کو مزید کشیدہ کر سکتے ہیں، اور بیرون ملک پاکستانی کمیونٹی کو غیر ضروری نگرانی میں لا سکتے ہیں۔
