پاکستان کے معروف وی لاگر ڈکی بھائی سالگرہ میں 10 لاکھ کا چیک ملنے پر ایک بار پھر سوشل میڈیا پر زیرِ بحث آ گئے ہیں۔
یوٹیوب پر 9 ملین سے زائد سبسکرائبرز رکھنے والے ڈکی بھائی حال ہی میں ایک طویل قانونی مرحلے کے بعد دوبارہ مواد تخلیق کرتے نظر آئے، جس دوران انہیں گرفتاری، اکاؤنٹس کے منجمد ہونے اور رقوم کی ضبطی جیسے مسائل کا سامنا رہا۔
جیل سے رہائی کے بعد ڈکی بھائی کا پہلا وی لاگ، آمدن سے متعلق بڑا انکشاف
حال ہی میں جاری ہونے والی سالگرہ وی لاگ میں ڈکی بھائی نے مداحوں کی جانب سے موصول ہونے والے تحائف دکھائے، جن میں 10 لاکھ کا چیک بھی شامل تھا، جو عادل زاہد نامی مداح کی جانب سے دیا گیا۔
ویڈیو میں ڈکی بھائی چیک دیکھ کر حیرت کا اظہار کرتے نظر آئے، مداح کا شکریہ ادا کیا اور اعلان کیا کہ وہ یہ رقم فلاحی کاموں کے لیے عطیہ کریں گے، جس کی تفصیل وہ آئندہ وی لاگ میں پیش کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ سخت قوانین کے باعث جعلی چیک ہونے کا امکان کم ہے۔
ویڈیو منظرِ عام پر آتے ہی سوشل میڈیا پر صارفین کی آراء منقسم ہو گئیں۔ بعض صارفین نے اس عمل کو غیر ضروری نمائش قرار دیتے ہوئے تنقید کا نشانہ بنایا، جبکہ کچھ نے اسے پہلے سے طے شدہ منصوبہ قرار دے کر نیت پر سوالات اٹھائے۔ کئی افراد نے ایسے مواد کے بار بار سامنے آنے پر بھی ناپسندیدگی کا اظہار کیا۔
دوسری جانب ڈکی بھائی کے حامیوں نے تنقید کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ وی لاگر نے محض مداح کے خلوص کو اجاگر کیا ہے اور رقم عطیہ کرنے کا اعلان ایک مثبت قدم ہے۔ ان کے مطابق سوشل میڈیا پر ہونے والی تنقید زیادہ تر حسد کا نتیجہ ہے۔
ڈکی بھائی کی درخواست پر عدالت نے بڑا فیصلہ سنا دیا
واضح رہے کہ چند ماہ قبل ڈکی بھائی کو آن لائن ایپلی کیشنز کی تشہیر کے مقدمے میں گرفتار کیا گیا تھا، تاہم بعد ازاں وہ ضمانت پر رہا ہوئے۔ رہائی کے بعد ان کے وی لاگز کو بڑی تعداد میں دیکھا گیا، جس کے بعد سوشل میڈیا پر یہ تاثر بھی سامنے آیا کہ انہوں نے مختصر وقت میں بھاری آمدن حاصل کر لی۔
تاہم ڈکی بھائی نے واضح کیا کہ نہ وہ ویڈیوز خود شائع کر سکتے ہیں اور نہ ہی آمدن کے اعداد و شمار تک رسائی رکھتے ہیں، اور اشتہارات کا کھاتہ فی الحال غیر فعال ہے۔ انہوں نے اکاونٹس بحالی کے لیے درخواست دی تھی جو مسترد ہو گئی۔
