پاکستان کے معروف گلوکار اور اداکار فرحان سعید نے حال ہی میں اپنی بیٹی جہاں آرا سے متعلق جذباتی گفتگو کرتے ہوئے مداحوں کو اپنی نجی زندگی کی ایک نایاب جھلک دکھا دی۔
فرحان سعید نے ایک تفریحی پروگرام میں گفتگو کے دوران انکشاف کیا کہ بیٹی کی پیدائش ان کی زندگی کا سب سے جذباتی لمحہ تھا۔ انہوں نے بتایا کہ جیسے ہی نومولود بیٹی کو گود میں لیا، آنکھوں سے آنسو بہنے لگے، اس لمحے میں حیران تھا اور موجودہ ڈاکٹر سے سوال کیا کہ کیا والد بھی اس طرح روتے ہیں، جس پر ڈاکٹر نے مزاحیہ انداز میں جواب دیا کہ اتنا نہیں جتنا آپ رو رہے ہیں۔
اقرار الحسن کا تینوں بیویوں کے ساتھ ڈنر؛ سوشل میڈیا پر طنز کا طوفان
انہوں نے بتایا کہ ننھی جہاں آرا نے زندگی میں نہ صرف خوشیاں بھر دی ہیں بلکہ میرے اندر تخلیقی صلاحیتوں کو بھی ایک نئی سمت دی ہے، میری بیٹی میرے لیے تحریک کا ذریعہ بن چکی ہے اور اسی احساس نے مجھے موسیقی کی طرف دوبارہ مضبوطی سے لوٹنے پر مجبور کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ والد بننے کے بعد زندگی، محبت اور فن کو دیکھنے کا انداز بھی بدل گیا ہے۔ بیٹی کی آمد نے موسیقی میں نئے موضوعات تلاش کرنے کا حوصلہ دیا، جس کے باعث نیا البم خط ایک ذاتی اور گہرے جذبات پر مبنی منصوبہ بن کر سامنے آیا۔
آمنہ ملک کی جمائما کی تعریف؛ وجہ بھی سامنے آگئی
مداحوں کی جانب سے فرحان سعید کے اس جذباتی اعتراف کو بے حد سراہا جا رہا ہے، جبکہ سوشل میڈیا پر ان کی عاجزی اور خاندانی وابستگی کی بے حد تعریف کی جا رہی ہے۔
