انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے ڈائریکٹر روب کی نے کہا ہے کہ ایشز سیریز کے دوران دوسرے اور تیسرے ٹیسٹ کے درمیان وقفے میں کھلاڑیوں کی جانب سے مبینہ حد سے زیادہ شراب نوشی کی رپورٹس کی تحقیقات کی جائیں گی۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق آسٹریلیا نے ایڈیلیڈ میں تیسرے ٹیسٹ کے پانچویں روز 82 رنز سے کامیابی حاصل کر کے سیریز میں 3-0 کی ناقابلِ شکست برتری حاصل کرتے ہوئے ایشز اپنے نام کر لی۔ اس سے قبل پرتھ اور برسبین میں انگلینڈ کو آٹھ، آٹھ وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
Cheering us on through thick and thin ❤️ pic.twitter.com/NdDRkD8uFy
— England Cricket (@englandcricket) December 21, 2025
شکستوں کے بعد انگلش ٹیم نے نوسا میں مختصر وقفہ کیا، جہاں برطانوی اور آسٹریلوی میڈیا میں رپورٹس سامنے آئیں کہ کھلاڑی اس دوران مسلسل شراب نوشی کرتے رہے۔ روب کی نے بی بی سی کو انٹرویو میں کہا کہ بعض سرخیاں گمراہ کن ہو سکتی ہیں، تاہم اگر یہ درست ہے کہ کھلاڑی کئی دن تک مسلسل شراب نوشی میں مصروف رہے تو یہ ناقابلِ قبول ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کھلاڑیوں کی چھٹیوں کو بیچلر پارٹی کی طرح پیش کیا جانا درست نہیں، اور ہمیں حقائق معلوم کرنے ہوں گے کہ واقعی کیا ہوا اور کیا باتوں کو بڑھا چڑھا کر پیش کیا گیا۔ روب کی نے واضح کیا کہ وہ شراب نوشی کے کلچر کے حامی نہیں ہیں اور ایسی روایت سے اتفاق نہیں کرتے۔
ایشز سیریز سے قبل روب کی نے انگلش اسکواڈ کو خبردار کیا تھا کہ وہ کسی بھی غیر ذمہ دارانہ حرکت سے گریز کریں۔ ایشز سیریز کا چوتھا ٹیسٹ جمعے کو میلبورن میں کھیلا جائے گا۔
دوسری جانب آسٹریلیا کے کوچ اینڈریو میکڈونلڈ نے کہا ہے کہ وہ توقع رکھتے ہیں کہ ان کی ٹیم فتح کے جشن کے باوجود مکمل تیاری کے ساتھ میدان میں اترے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ کھلاڑی بالغ ہیں اور جانتے ہیں کہ ٹیسٹ میچ کے لیے خود کو کس طرح تیار کرنا ہے، اس لیے باکسنگ ڈے ٹیسٹ میں کسی سستی کا امکان نہیں۔
