اسلام آباد، وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری نے کہا ہے کہ دہشتگرد تنظیمیں اور بعض عناصر سوشل میڈیا کے ذریعے پاکستان کے خلاف منظم مہم چلا رہے ہیں۔
عالمی میڈیا کوبریفنگ دیتے ہوئے طلال چوہدری نے کہا کہ کچھ عناصر ملکی سلامتی اورخودمختاری کے درپے ہیں، تاہم حکومت آزادیٔ اظہارِرائے پر مکمل یقین رکھتی ہے لیکن قومی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ پاکستان کے خلاف ہونے والی دہشتگردی کے حوالے سے عالمی میڈیا کو شواہد کے ساتھ آگاہ کیا گیا ہے۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ پی ٹی آئی طویل عرصے سے سوشل میڈیا کو ایک خاص بیانیے کے لیے استعمال کر رہی ہے اور منظم انداز میں ملکی اداروں کے خلاف مہم چلا رہی ہے۔
ان کے مطابق پی ٹی آئی کے کئی سوشل میڈیا اکاؤنٹس بیرون ملک سے آپریٹ ہو رہے ہیں اور باقاعدہ بیرون ملک بیٹھی کمپنیوں کے ساتھ مل کرجعلی ٹرینڈز چلائے جاتے ہیں۔
وزیر مملکت نے کہا کہ سوشل میڈیا پر چلنے والے تمام ٹرینڈز حقیقی نہیں ہوتے بلکہ ان میں سے بیشتر پراپیگنڈا پر مبنی ہوتے ہیں۔
بجلی کی ترسیل کار اور پیداواری کمپنیوں کی نجکاری کا عمل تیز کیا جائے ، وزیراعظم شہباز شریف
انہوں نے انکشاف کیا کہ واٹس ایپ گروپس کے ذریعے ہدایات دی جاتی ہیں، ہرپیغام کے پیسے لیے جاتے ہیں اور جعلی اکاؤنٹس بنا کربیانیہ پھیلایا جاتا ہے۔
طلال چودھری نے مزید کہا کہ سوشل میڈیا پراپیگنڈا کرنے والوں سے متعلق معلومات اکٹھی کرلی گئی ہیں اورایسے عناصرکو واضح انتباہ کیا جاتا ہے کہ بازآ جائیں، بصورت دیگرسخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان دنیا میں کہیں بھی دہشتگردی کی مذمت کرتا ہے کیونکہ پاکستان خود دہشتگردی سے متاثرہ ممالک میں شامل ہے، دہشتگردی کا کسی مذہب یا ملک سے کوئی تعلق نہیں بلکہ مذہب کومحض بطورہتھیار استعمال کیا جاتا ہے۔
