انٹرنیشنل لیگ ٹی 20 (ILT20) اور پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی چیمپئن ٹیموں کے درمیان خصوصی میچ کے انعقاد کا امکان ہے۔
بدعنوانی کے سنگین الزامات،چار بھارتی کرکٹر ز معطل،میچز کھیلنے پر پابندی
آئی ایل ٹی 20 کے چیف ایگزیکٹو ڈیوڈ وائٹ نے دبئی میں ایک انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ کرکٹ ایک ایسا کھیل ہے جہاں غیر متوقع مواقع ہمیشہ جنم لیتے ہیں اور مستقبل میں دونوں لیگز کے فاتحین کے درمیان نمائشی مقابلے پر غور کیا جا سکتا ہے۔
ڈیوڈ وائٹ نے آئی ایل ٹی 20 انتظامیہ اور پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے درمیان مضبوط ورکنگ ریلیشن شپ کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ پی ایس ایل دنیا کی بہترین ٹی ٹوئنٹی لیگز میں شمار ہوتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے ہمیشہ باصلاحیت کرکٹرز دنیا کو دیے ہیں اور وہ ذاتی طور پر پاکستانی کھلاڑیوں کے بڑے مداح ہیں۔
آئی ایل ٹی 20 چیف ایگزیکٹو نے مزید کہا کہ انہیں پاکستانی کھلاڑیوں سے خاص لگاؤ ہے اور وہ آئندہ سیزنز میں مزید پاکستانی اسٹارز کو آئی ایل ٹی 20 کا حصہ بنتے دیکھنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ موجودہ سیزن میں بھی کئی پاکستانی کھلاڑی ایکشن میں نظر آ رہے ہیں جن میں فخر زمان، حسن نواز اور نسیم شاہ شامل ہیں۔
ڈیوڈ وائٹ نے قومی ٹیم کے سابق کپتان بابر اعظم کا خصوصی طور پر ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان کے کھیل کے بہت بڑے مداح ہیں۔ ان کے مطابق بابر اعظم اس وقت بگ بیش لیگ میں کھیل رہے ہیں اور وہ دنیا کے بہترین بلے بازوں میں سے ایک ہیں۔
پی ایس ایل ٹیموں میں عالمی دلچسپی میں اضافہ، بولی جمع کرانے کی تاریخ میں توسیع
آئی ایل ٹی 20 کے چوتھے سیزن کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وائٹ نے کہا کہ لیگ کی مقبولیت میں ہر سال اضافہ ہو رہا ہے اور شائقین کی تعداد تیزی سے بڑھ رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ویورشپ اور عالمی سطح پر پہچان کے اعتبار سے لیگ کی ترقی توقعات سے کہیں زیادہ رہی ہے۔
آخر میں ڈیوڈ وائٹ نے اس امید کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مختلف بورڈز اور لیگز کے درمیان مضبوط تعلقات کے باعث کرکٹ میں کچھ بھی ممکن ہے، اور اسی لیے آئی ایل ٹی 20 اور پی ایس ایل چیمپئنز کے درمیان ایک بڑے اور ہائی پروفائل مقابلے کا دروازہ مستقبل کے لیے کھلا ہے۔
