بڑے کھلاڑی آئی پی ایل پر پی ایس ایل کو ترجیح کیوں دے رہے ہیں، سابق انگلش کرکٹر نے بتا دیا

سابق انگلش آل راؤنڈر ڈیوڈ ولے نے انکشاف کیا ہے کہ کئی معروف کرکٹرز دنیا کی سب سے بڑی اور مہنگی ٹی ٹوئنٹی لیگ یعنی انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) پر پاکستان سپر لیگ (پی ایس ای؛ل) کو ترجیح دینے لگے ہیں۔

بھارتی میڈیا کو دیے گئے انٹرویو میں ڈیوڈ ولے کا کہنا تھا کہ آئی پی ایل کی نیلامی ایک غیر یقینی عمل ہے جہاں کھلاڑی کو نہ صرف خریدے جانے بلکہ میچ کھیلنے کی بھی ضمانت نہیں ہوتی۔ ان کے مطابق بعض اوقات کھلاڑی پورا سیزن بینچ پر بیٹھا رہتا ہے، جو کسی بھی پروفیشنل کرکٹر کے لیے نقصان دہ ہو سکتا ہے۔

ڈیوڈ ولے کے مطابق پی ایس ایل میں ٹیمیں کم ہونے اور غیر ملکی کھلاڑیوں کی محدود تعداد کے باعث کردار پہلے سے واضح ہوتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ کھلاڑیوں کو زیادہ میچ کھیلنے کا موقع ملتا ہے، جو فارم بحال رکھنے اور کیریئر کے تسلسل کے لیے انتہائی اہم ہے۔

ان کے اس بیان کے بعد کئی بڑے ناموں کے فیصلے بھی توجہ کا مرکز بن گئے ہیں۔

سابق جنوبی افریقی کپتان فاف ڈو پلیسی اور انگلینڈ کے آل راؤنڈر معین علی نے اس سیزن آئی پی ایل کے بجائے پی ایس ایل کھیلنے کا فیصلہ کیا۔ آسٹریلوی اسٹار گلین میکسویل نے بھی آئی پی ایل نیلامی میں اپنا نام شامل نہیں کرایا اور ان کی پی ایس ایل واپسی متوقع ہے۔

معین علی آئی پی ایل 2025 کی نیلامی میں رہ گئے تھے، جبکہ گلین میکسویل کو گزشتہ سیزن پنجاب کنگز کی جانب سے ناقص کارکردگی کے باعث درمیان میں ہی ڈراپ کر دیا گیا تھا۔ فاف ڈو پلیسی اگرچہ دہلی کیپیٹلز کے اہم رکن تھے، تاہم انجریز کے باعث ان کا کردار محدود رہا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے پی ایس ایل کو آئی پی ایل کے ساتھ ہی کرانے کے فیصلے نے لیگ کو ایک مضبوط متبادل بنا دیا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Exit mobile version