ہم ٹی وی نیٹ ورک کی صدر سلطانہ صدیقی کو لکس اسٹائل ایوارڈز 2025 میں شوبز اور میڈیا کے شعبے میں گرانقدر خدمات کے اعتراف میں لکس چینج میکر ایوارڈ سے نوازا گیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں منعقدہ لکس اسٹائل ایوارڈز کی پروقار تقریب میں شوبز انڈسٹری کی نامور شخصیات نے بھرپور شرکت کی اور ایونٹ کو یادگار بنا دیا۔
لکس اسٹائل ایوارڈز میں ہانیہ عامر نے بہترین اداکارہ کا اعزاز اپنے نام کر لیا
ہم ٹی وی کی بانی اور مشہور میڈیا پرسن، سلطانہ صدیقی نے جدید پاکستانی ڈرامہ کی تشکیل میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے نئے ٹیلنٹ کے لیے پلیٹ فارم فراہم کیا اور ایسے مواد کی تخلیق کی جو نہ صرف قومی بلکہ بین الاقوامی سطح پر بھی پذیرائی حاصل کر چکا ہے۔
لکس اسٹائل ایوارڈز، جو پاکستان کے سب سے معتبر ایوارڈ پلیٹ فارمز میں سے ایک ہیں، فیشن، فلم، موسیقی اور ٹیلی ویژن میں عمدگی کو اجاگر کرتے ہیں، اور ایسے افراد کو بھی سراہتے ہیں جن کے کام نے سماج پر دیرپا اثرات مرتب کیے ہیں۔ اس اعزاز کے ذریعے سلطانہ صدیقی کی خدمات کو تسلیم کیا گیا اور انہیں ملک کی سب سے بااثر میڈیا شخصیات میں شمار کیا گیا۔
چوہدری اسلم کی اہلیہ کا فلم دھریندر پر سخت مؤقف سامنے آ گیا
لکس ایوارڈز کی تقریب کے دوران پاکستان کی معروف گلوکارہ عابدہ پروین نے اپنے دلکش اور عارفانہ کلام سے سماں باندھ دیا۔
اسی تقریب میں اداکارہ ہانیہ عامر کو ڈرامہ کبھی میں کبھی تم میں شاندار اداکاری پر عوامی ووٹس کی بنیاد پر سال 2025 کی بہترین اداکارہ قرار دیا گیا، جس پر شائقین کی جانب سے بھرپور داد دی گئی۔
مزید برآں سوشل میڈیا پر وائرل جوڑی ریحان اور رابعہ المعروف رون اینڈ کوکو کو گھر بیٹھ کر تخلیقی اور معیاری ویڈیوز بنانے پر بہترین انفلوئنسر ایوارڈ سے نوازا گیا۔ اسی طرح حرا فیصل کو سال کی خوبصورت انفلوئنسر کا ایوارڈ دیا گیا۔
واضح رہے کہ اس سال اپریل میں سلطانہ صدیقی کو بکنھم شائر نیو یونیورسٹی کی جانب سے میڈیا اور معاشرت میں ان کی نمایاں خدمات کے اعتراف میں اعزازی ڈاکٹریٹ سے نوازا گیا، یہ ڈگری اس تقریب میں دی گئی، جس کا مقصد پاکستان میں پوسٹ گریجویٹ سرٹیفکیٹ پروگرامز کا آغاز تھا۔
یہ سلطانہ صدیقی کا دوسرا اعزازی ڈاکٹریٹ ہے، اس سے قبل انہیں گرین وچ یونیورسٹی پاکستان کی جانب سے بھی یہی اعزاز دیا جا چکا ہے، تقریب میں یونیورسٹی کے عہدیداروں اور تعلیمی رہنماؤں نے تبدیلی لانے والی تعلیم اور بین الاقوامی تعاون کے کردار کو اجاگر کیا، جس کا مقصد مستقبل کی نسلوں کو بہترین تعلیم فراہم کرنا ہے۔
