آزاد کشمیر حکومت نے منگلا ڈیم کی توسیع سے متاثر ہونے والے 2376 گھرانوں کے بجلی کے بقایاجات معاف کرنے کی منظوری دے دی ہے۔
یہ فیصلہ حکومت اور جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے درمیان طے پانے والے معاہدے کی روشنی میں کیا گیا۔
سرکاری نوٹیفکیشن کے مطابق متاثرہ خاندانوں کے تقریباً 14 کروڑ (140 ملین) روپے کے بجلی کے بقایا جات مکمل طور پر معاف کر دیے گئے ہیں، جس کی منظوری صدر آزاد کشمیر نے دے دی ہے۔
یہ فیصلہ منگلا ڈیم متاثرین کے لیے بڑا ریلیف قرار دیا جا رہا ہے۔ حکام کے مطابق یہ اقدام متاثرین کو درپیش مالی مشکلات میں کمی اور ان کے ساتھ کیے گئے وعدوں کی تکمیل کی جانب اہم پیش رفت ہے۔
دوسری جانب ایکشن کمیٹی کے رہنماؤں نے بھی اس حکومتی فیصلے کو سراہتے ہوئے معاہدے کے تحت دیگر مطالبات کی جلد منظوری کا بھی مطالبہ کیا ہے۔
