کوئنٹہ: مستونگ خوکش حملے میں شہید ہونے والے بلوچستان عوامی پارٹی کے امیدوار سراج رئیسانی کی نماز جنازہ موسیٰ اسٹیڈیم میں ادا کر دی گئی ہے۔
نماز جنازہ میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی، نگراں وزیر اعلیٰ بلوچسستان علاؤالدین مری ، کورکمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ، آئی جی ایف سی میجرجنرل ندیم انجم سمیت دیگر اعلیٰ سول و فوجی حکام اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

نوبزادہ سراج رئیسانی کی تدفین مستونگ میں ان کے آبائی قبرستان میں کی جائے گی۔
جمعہ کے روز بلوچستان میں ہونے والے خودکش دھماکے میں صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی بی 32 سے امیدوار سراج رئیسانی سمیت 131 افراد شہید اور 150 سے زائد زخمی ہو گئے تھے۔

نواب سراج رئیسانی کے بیٹے میر حمل رئیسانی بھی چند سال قبل ایک دھماکے میں شہید ہوگئے تھے۔
بلوچسستان عوامی پارٹی نے مستونگ کے واقعہ پر تین دن تک سوگ منانے کا اعلان کیا ہے۔ باپ کے سربراہ میر جام کمال کا کہنا ہے کہ آئندہ انتخابات کے سلسلہ میں ہونے والی تمام تقریبات منسوخ کر دی گئی ہیں۔
ہفتہ کے روز وفاقی حکومت نے بھی بلوچستان اور خیبرپختونخوا دھماکوں کے متاثرین سے اظہار یکجہتی کے لیے ایک روزہ سوگ منانے کا اعلان کیا ہے۔
