انجری کے باوجود شبھمن گِل گواہاٹی روانہ، دوسرے ٹیسٹ میں شمولیت مشکوک

بھارتی کپتان شبھمن گِل گردن کی انجری کے باوجود جنوبی افریقہ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کیلئے گواہاٹی روانہ ہوں گے۔

تاہم بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے تصدیق کی ہے کہ شبھمن گل کی دوسرے ٹیسٹ میچ میں شرکت کا حتمی فیصلہ ان کے گواہاٹی پہنچنے کے بعد کیا جائے گا۔

شبھمن گِل پہلے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں صرف 3 گیندیں کھیلنے کے بعد گردن میں تکلیف محسوس کرنے پر ریٹائر ہرٹ ہوگئے تھے اور پھر باقی میچ میں میدان میں واپس نہ آسکے۔ بھارت یہ میچ 30 رنز سے ہار گیا تھا۔

بی سی سی آئی کے مطابق زخمی بیٹر کو اسپتال میں ایک دن زیرِ علاج رکھنے کے بعد ڈسچارج کردیا گیا ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ شبھمن گِل کی طبی حالت میں بہتری آرہی ہے اور وہ 19 نومبر کو ٹیم کے ساتھ گواہاٹی جائیں گے۔ ان کی مسلسل نگرانی کی جائے گی اور دوسرے ٹیسٹ میں شرکت کا فیصلہ بعد میں ہوگا۔

اگر شبھمن گِل میچ کے لیے دستیاب نہ ہوئے تو نائب کپتان رشبھ پنت ٹیم کی قیادت کریں گے۔ دوسرا ٹیسٹ ہفتہ کو گواہاٹی میں شروع ہوگا۔

دونوں ٹیمیں اس کے بعد 30 نومبر سے 19 دسمبر تک 3 ون ڈے اور 5 ٹی ٹوئنٹی میچز بھی کھیلیں گی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Exit mobile version