اسلام آباد: قومی احتساب بیورو (نیب) نے گزشتہ اڑھائی برس کے دوران کرپشن اور قبضہ مافیا کے خلاف کارروائیوں میں 8 ہزار 397 ارب روپے ریکور کرائے۔
نیب نے گزشتہ اڑھائی برس کے دوران کرپشن، فراڈ کی رقم اور سرکاری زمین کی غیر قانونی الاٹمنٹ کے خلاف کارروائیوں میں ملکی تاریخ کی سب سے بڑی ریکوری کرتے ہوئے نیا ریکارڈ قائم کر دیا۔
ذرائع کے مطابق نیب نے مارچ 2023 سے اکتوبر 2025 کے دوران مجموعی طور پر 8 ہزار 397 ارب روپے کی وصولی کی۔
اعداد و شمار کے مطابق 1999 میں قیام سے لے کر فروری 2023 تک نیب نے 23 سالوں میں صرف 883 ارب روپے ریکور کیے تھے۔ تاہم گزشتہ اڑھائی برس میں ریکوری کا تناسب 10 گنا زیادہ رہا۔ جو ادارے کی تاریخ کی سب سے بڑی کارکردگی قرار دی جا رہی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ رواں سال کے اختتام تک مزید 2 ہزار ارب روپے کی ریکوری متوقع ہے۔ جس سے مجموعی اعداد و شمار میں مزید اضافہ ہو گا۔
یہ بھی پڑھیں: خیبر پختونخوا کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک کیا جاتا ہے، سہیل آفریدی
نیب کو سب سے بڑی کامیابی لینڈ ڈائریکٹوریٹ کے ذریعے حاصل ہوئی۔ جس میں بڑے پیمانے پر سرکاری زمین واگزار کرائی گئی۔ جس کی مالیت کھربوں روپے بنتی ہے۔
