پرتگال کی کمپنی لیمپسی ہیلتھ نے مصنوعی ذہانت کی مدد سے مرگی کے دوروں کو حقیقی وقت میں پہچاننے کی بھرپور صلاحیت رکھنے والا جدید لیمپ متعارف کرایا ہے۔
کمپنی کے نمائندے نے کہا کہ یہ آلہ نہ صرف جانیں بچانے میں مدد دیتا ہے بلکہ مریضوں اور گھر والوں پر جذباتی دباؤ بھی کم کرتا ہے، ان کے مطابق اکثر مرگی کے مریض بچپن سے ہی والدین کے پاس سوتے ہیں اور یہ آلہ ان کے روزمرہ معمولات میں سکون پیدا کر سکتا ہے۔
اس آلے کی درستگی ننانوے فیصد تک بتائی جا رہی ہے، جبکہ اس میں غلط الارم کی شرح دیگر طریقوں کے مقابلے میں اٹھارہ گنا کم ہے، جس کے باعث مریضوں اور ان کی دیکھ بھال کرنے والوں کی زندگی میں نمایاں آسانی پیدا ہو سکتی ہے۔
ٹی بی سے متاثرہ ممالک کی فہرست جاری؛ پاکستان کس نمبر پر؟
یہ لیمپ بغیر کسی جسمانی رابطے کے کام کرتا ہے، یہ صرف تصویروں کے ذریعے مریض کی حالت کا جائزہ لیتا ہے اور کوئی بھی تصویر یا معلومات کہیں محفوظ یا شیئر نہیں کی جاتیں، جس سے مکمل رازداری برقرار رہتی ہے۔
عالمی ادارہ صحت کے مطابق مرگی دنیا بھر میں تقریباً پچاس لاکھ افراد کو متاثر کرتی ہے۔ تحقیق سے یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ رات کے وقت ہونے والے مرگی کے بیشتر دورے پہچانے نہیں جاتے، جس کے نتیجے میں اچانک موت جیسے سنگین خطرات بڑھ جاتے ہیں۔
کمپنی کے مطابق یہ جدید لیمپ دو ہزار چھبیس میں یورپ بھر میں فروخت کے لیے پیش کر دیا جائے گا۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ آلہ مرگی کے مریضوں کی نگرانی کے طریقہ کار میں بڑی تبدیلی لائے گا۔
