چین کی سیچوان یونیورسٹی کی نئی تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ عمر رسیدہ افراد میں دانتوں کا تیزی سے گرنا زندگی کے خطرناک مسائل کی نشاندہی کر سکتا ہے اور یہ موت کے خطرے میں اضافے سے جڑا ہوا ہے۔
رپورٹ کے مطابق محققین نے 8,073 بزرگ افراد کا مطالعہ کیا اور ان کے دانتوں کے گرنے کی رفتار اور موت کے امکانات کا تجزیہ کیا، یہ تحقیق اوسطاً 3.5 سال تک جاری رہی، اور نتائج سے معلوم ہوا کہ دانتوں کے جلد گرنے والے افراد میں زندگی کے خطرات نمایاں طور پر زیادہ ہیں۔
مردوں کا دماغ خواتین سے زیادہ تیزی سے کمزور ہوتا ہے، نئی تحقیق
یہ تعلق دیگر عوامل جیسے عمر، جنس، تعلیم، شراب نوشی، اور ورزش کی عادات کو مدنظر رکھنے کے بعد بھی برقرار رہا۔ محققین نے کہا کہ دانتوں کا گرنا براہِ راست موت کا سبب نہیں بنتا، بلکہ یہ جسمانی صحت کے سنگین مسائل کی ابتدائی وارننگ ہو سکتا ہے۔
تحقیق کے مطابق دانتوں کے گرنے کی رفتار اور موت کے خطرے کے درمیان تعلق کی وضاحت میں سوزش، غذائی کمی، موٹاپا اور ذہنی دباؤ جیسے عوامل اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ دانتوں کی کمی کی وجہ سے غذا چبانے میں دشواری ہوتی ہے، جس سے جسم کو ضروری غذائیت نہیں مل پاتی اور صحت کے خطرات بڑھ جاتے ہیں۔
خالی پیٹ الائچی کھانے کے حیرت انگیز فائدے
محققین نے زور دیا ہے کہ دانتوں کی صحت پر توجہ دینا لازمی ہے، روزانہ دو بار برش کرنا، باقاعدگی سے دانتوں کے ڈاکٹر سے معائنہ کروانا، اور تمباکو نوشی سے پرہیز کرنا دانتوں کی صحت بہتر بنانے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ دانتوں کے گرنے کی رفتار کو مانیٹر کرنا موت اور بیماری کے خطرے کا ایک مؤثر اشارہ ثابت ہو سکتا ہے۔
