نیوزی لینڈ میں ناپید ہو چکے پرندے هوئیا (Huia) کے ایک پر نے دنیا کے سب سے مہنگے پر کا ریکارڈ قائم کر دیا، اس نایاب پر کو حال ہی میں نیلامی میں28 ہزار 400 امریکی ڈالر میں فروخت کیا گیا۔
یہ پر ویب کے نیلامی گھر میں نیلام ہوا، جہاں ابتدائی طور پر اس کی قیمت صرف 3 سے 5 ہزار ڈالر لگائی گئی تھی، مگر ثقافتی اہمیت اور نایابیت کے باعث بولی غیر متوقع طور پر 30 ہزار ڈالر تک جا پہنچی۔
هوئیا پرندہ کبھی نیوزی لینڈ کے شمالی جزیرے کا مقامی پرندہ تھا، تاہم بیسویں صدی کے آغاز میں اس کی نسل مکمل طور پر ختم ہو گئی، جنگلات کی تباہی، یورپی شکاریوں کی آمد اور انسانوں کی سرگرمیوں نے اس نایاب پرندے کو معدوم کر دیا۔
آسمان پر ٹوٹتے تارے اصل میں کیا ہیں؟
ماوری ثقافت میں هوئیا کے پر کو شاہی اور روحانی علامت سمجھا جاتا تھا، یہ پر صرف قبائلی سرداروں اور بااثر افراد کے لیے مخصوص ہوتے تھے۔
نیلامی ہاؤس کی سربراہ لیا مورس کے مطابق هوئیا ایک علامتی پرندہ ہے اور بہت سے لوگ اس سے گہرا تعلق محسوس کرتے ہیں۔ یہ پر بہترین حالت میں محفوظ ہے، اس کے رنگ اب تک چمکدار ہیں اور کسی قسم کا نقصان نہیں ہوا۔
یہ نایاب پر صرف 9 گرام وزنی ہے، لیکن اس کی قیمت وزن کے لحاظ سے سونے اور ہیرے سے بھی کہیں زیادہ ہے۔
ماہرین کے مطابق اس نیلامی نے نہ صرف دنیا بھر میں توجہ حاصل کی بلکہ نیوزی لینڈ کے عوام میں اپنی کھوئی ہوئی ثقافتی وراثت کے بارے میں ایک نئی دلچسپی بھی پیدا کر دی ہے۔
