نئی دہلی: بھارت میں ہندومت کے تہوار درگا پوجا کے موقع پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو شیطان کے روپ میں دکھایا گیا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق بھارت میں مذہبی تہوار کے موقع پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو مہیشاسور(شیطان) کے روپ میں پیش کر دیا گیا۔ اس میں ایک مجسمہ تیار کیا گیا ہے جس کے بال سنہرے، لہراتا دھڑ اور چہرہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا بنایا گیا ہے۔ جسے ایک شیر پر سوار دکھایا گیا۔
بھارتی ریاست مغربی بنگال میں مذہبی تہوار درگا پوجا کے دوران امریکی صدر کے مجسمے کو شیطان بنا کر سامنے لایا گیا۔

آرگنائزنگ کمیٹی کے رکن سنجے باساک نے کہا کہ بھارت اور امریکہ کے پہلے بہت اچھے تعلقات تھے لیکن جب سے ڈونلڈ ٹرمپ برسراقتدار آیا ہے وہ بھارت کو دبانے اور دھمکانے میں لگا ہوا ہے۔ اس لیے ہم نے ڈونلڈ ٹرمپ کو شیطان کے روپ میں دکھایا ہے۔
واضح رہے کہ رواں سال امریکہ کی جانب سے بھارت پر بھارتی ٹیرف عائد کیے گئے۔ اور دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تنازعات سامنے آئے۔
یہ بھی پڑھیں: بیوی سانپ بن کر ڈراتی ہے، شوہر کی عجیب شکایت، تحقیقات کا آغاز
بنگال کی درگا پوجا کی خاص بات یہ ہے کہ یہ صرف عبادت کا موقع نہیں بلکہ یہ رائے زنی، فن اور سوچنے سمجھنے والوں کا ایک پلیٹ فارم ہے۔ جہاں عام لوگ بھی فن کے ذریعے تنقید، مزاحمت اور نئی دنیا کی تصویر سازی کرتے نظر آتے ہیں۔
