اسلام آباد: سینئر اینکر پرسن عاصمہ شیرازی نے کہا ہے کہ علی امین گنڈاپور نے 90 روز میں عمران خان کو رہا نہ کروا سکنے کی صورت میں مستعفیٰ ہونے کا اعلان کیا تھا۔
سینئر اینکر پرسن ہم نیوز عاصمہ شیرازی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 88 دن پہلے علی امین گنڈاپور نے کہا تھا کہ وہ اگر 90 روز میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کو رہا نہ کروا سکے تو اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیں گے۔ اور 2 روز قبل ہی انہیں ہٹانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ علی امین گنڈاپور کو ہٹانے کا طریقہ کار بہت دلچسپ ہوگا۔ کیا علی امین گنڈاپور فوری طور پر استعفیٰ دے کر عہدہ چھوڑیں گے یا پھر عدم اعتماد لایا جائے گا۔
عاصمہ شیرازی نے کہا کہ پی ٹی آئی میں علیمہ خان کی رٹ بہت مضبوط نظر آ رہی ہے۔ کچھ روز قبل علی امین گنڈاپور نے علیمہ خان کے خلاف بیان دیا تھا جس کے بعد علی امین گنڈاپور پر کافی تنقید کی جا رہی تھی۔
انہوں نے کہا کہ نظر آ رہا ہے عمران خان نے اپنی پارٹی پر اپنی بہن کو فوقیت دی ہے۔ اور شاید اس کی بڑی وجہ یہ بھی ہو کہ وہ سمجھتے ہوں علیمہ خان ان کی رہائی کے لیے کوئی تحریک چلا سکیں۔
یہ بھی پڑھیں: علی امین گنڈا پور مستعفی،سہیل آفریدی نئے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نامزد
عاصمہ شیرازی نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں علی امین گنڈاپور کا بہت زیادہ اثرو رسوخ ہے۔ اگر علیمہ خان کوئی تحریک چلاتی ہیں تو کیا وہ خیبر پختونخوا سے لوگوں کو نکال سکیں گی؟۔
