راولپنڈی: کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر کی صاحبزادی مہرالنسا اپنے شوہر راحیل منیر کے ساتھ والد سے ملاقات کے لیے اڈیالہ جیل پہنچیں جہاں انہوں نے ڈیڑھ گھنٹہ اپنے والد کے ساتھ ملاقات کی، وہ ان کے لیے کھانے پینے کی اشیا اور کپڑے لے کر آئی تھیں۔
چھ جولائی کو احتساب عدالت نے ایون فیلڈ ریفرنس کا فیصلہ سناتے ہوئے نوازشریف کو دس، مریم نواز کو سات اور کیپٹن صفدر کو ایک برس قید کی سزا سنائی تھی، کیپٹن صفدر سزا کے وقت عدالت میں موجود نہیں تھے، ان کی گرفتاری کے لیے نیب نے خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں ٹیمیں بھیجی تھیں۔
اتوار کے روز لیاقت بازار راولپنڈی میں مسلم لیگ نون کے کارکنوں اور رہنماؤں کے جھرمٹ میں کیپٹن صفدر نے گرفتاری دی تھی، اس دوران پرجوش کارکنوں نے پولیس کے سامنے مزاحمت بھی کی تاہم پولیس انہیں گرفتار کرنے میں کامیاب ہو گئی تھی، بعد ازاں انہیں احتساب عدالت کے جج کے سامنے پیش کرنے کے بعد اڈیالہ جیل منتقل کر دیا گیا۔
مسلم لیگ نون کے رہنما اور راولپنڈی سے قومی اسمبلی کے امیدوار حنیف عباسی بھی آج کیپٹن صفدر سے ملاقات کے لیے اڈیالہ جیل پہنچے تھے۔
