تل ابیب: اسرائیلی حکام نے کہا ہے کہ گلوبل صمود فلوٹیلا کے گرفتار کارکنوں کو یورپ ڈی پورٹ کیا جائے گا۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق اسرائیلی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ گلوبل صمود فلوٹیلا کو باحفاظت روک لیا گیا ہے۔ اور اس بحری قافلے میں شامل افراد کو اسرائیلی بندرگاہ پہنچایا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ اسرائیلی فورسز نے گلوبل صمود فلوٹیلا کے 223 انسانی حقوق کارکنوں کو گرفتار کر لیا ہے۔ جبکہ اسرائیلی بحریہ نے 20 کشتیوں کو بھی اپنے قبضے میں لے لیا۔ تاہم غزہ صمود فلوٹیلا کی 23 کشتیاں اب بھی غزہ کی جانب اپنا سفر جاری رکھے ہوئے ہیں۔
فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس نے گلوبل صمود فلوٹیلا پر حملے اور گرفتاریوں کو دہشتگردی قرار دیتے ہوئے کہا کہ غزہ کے لیے امدادی سامان لے جانے والے انسانی حقوق کے کارکنوں کو گرفتار کرنا بحری قزاقی اور دہشت گردی ہے۔
حماس نے عالمی برادری سے اسرائیلی جرم کی مذمت کرنے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: امریکا میں شٹ ڈائون کے بعد ناسا بھی بند ، ہزاروں ملازمین فارغ
دوسری جانب گلوبل صمود فلوٹیلا کے ترجمان نے کہا ہے کہ ہمارے پاس تقریباً 30 جہاز ہیں۔ جو اب بھی قابض افواج کے فوجی جہازوں سے بچتے ہوئے غزہ کے ساحل تک پہنچنے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔
