کابل: افغانستان میں انٹرنیٹ سروس بند ہونے کی وجہ سے دارالحکومت کابل کا مرکزی ایئرپورٹ مکمل طور پر بند ہو گیا۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق افغانستان میں انٹرنیٹ کی بندش سے اندرون اور بیرون ملک رابطے بری طرح متاثر ہو رہے ہیں۔ جبکہ ضروری خدمات، بشمول بینکنگ اور آن لائن تعلیم بھی شدید متاثر ہوئی ہے۔
کابل ائیرپورٹ کے حوالے سے ایک شہری نے بتایا کہ ایئرپورٹ تقریباً سنسان ہے۔ اور وہاں پروازوں کی آمدورفت کے کوئی آثار نہیں ہیں۔
منگل کو کابل آنے اور جانے والی چند پروازیں منسوخ ہوئیں۔ تاہم کئی پروازوں کا اسٹیٹس “نامعلوم” کر دیا گیا۔
کابل انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اترنے کے خواہش مند ایک مسافر کو بتایا گیا کہ جمعرات سے پہلے کوئی پرواز نہیں ہو گی۔ ایک اور مقامی شخص کے مطابق پیر کی شام سے تمام پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: امریکا نے درجنوں ایرانی شہریوں کو بے دخل کر دیا
خیال رہے کہ طالبان حکومت نے انٹرنیٹ کی بندش کے فیصلے کی کوئی سرکاری وجہ نہیں بتائی، تاہم یہ کہا گیا ہے کہ یہ پابندی پیر سے نافذ ہے اور تاحکم ثانی برقرار رہے گی۔
