نئی دہلی: سابق بھارتی کرکٹر سید کرمانی نے کہا ہے کہ ایشیا کپ میں بھارتی کھلاڑیوں کا رویہ شرمناک تھا۔
ورلڈ کپ جیتنے والے سابق بھارتی کرکٹر سید کرمانی نے اپنے ملک کے کھلاڑیوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ایشیا کپ میں جو کچھ ہوا وہ قابل نفرت تھا۔ آج کل کے کرکٹرز کو کیا ہو گیا ہے؟
انہوں نے کہا کہ جس طرح سے آج کل کرکٹ کھیلی جا رہی ہے۔ اس میں کسی قسم کی شائستگی باقی نہیں رہی۔ میدان میں بہت ہی بدتمیزی اور مغرورانہ حرکات دیکھی جا رہی ہیں۔
سید کرمانی نے بھارتی کھلاڑیوں کے اشتعال انگیز رویئے اور اشاروں پر کھل کر تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ مجھے دنیا بھر سے پیغامات آ رہے ہیں کہ بھارتی ٹیم نے یہ کیا کیا؟ میدان میں کیا سیاست چل رہی ہے؟ ایسے تبصرے سن کر مجھے شرمندگی ہو رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ان میں اسپورٹس مین اسپرٹ کی کمی ہے اور موجودہ دور کی کرکٹ بہت زیادہ مایوس کن ہے۔ ایشیا کپ میں کھیل اور سیاست پر جب دوستوں نے تبصرہ کیا تو شدید شرمندگی محسوس ہوئی۔
یہ بھی پڑھیں: گیم پلان نہ ہونے کی وجہ سے ایشیا کپ ہاتھ سے نکلا، شعیب اختر
سابق بھارتی کھلاڑی نے کہا کہ کھیلوں میں سیاست کو شامل نہیں ہونا چاہیے۔ سیاست کو پیچھے چھوڑ دو۔ اور جو کچھ کھیل کے میدان سے باہر ہو رہا ہے اسے وہیں رہنے دو۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے زمانے میں کھلاڑیوں کے درمیان بہت اچھی دوستی ہوا کرتی تھی۔ پاکستانی کھلاڑی بھارت آتے تھے اور ہم پاکستان جاتے تھے۔ کیا مہمان نوازی، کیا محبت، کیا شفقت تھی۔
