کراچی: پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروبار کا مثبت اختتام ہوا۔ 100 انڈیکس پہلی بار ایک لاکھ 66 ہزار پوائنٹس کی حد بھی عبور کر گیا۔
ملک میں سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہونے سے پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں آئے روز ریکارڈ بننے کا سلسلہ جاری ہے۔ کاروباری ہفتے کے دوسرے روز بھی 100 انڈیکس میں تیزی دیکھی گئی۔
کاروبار کے دوران پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں 100 انڈیکس ایک لاکھ 66 ہزار پوائنٹس کی حد عبور کر گیا۔ اور ایک لاکھ 66 ہزار 556 پوائنٹس کی بلند ترین سطح پر پہنچا۔
کاروبار کے اختتام پر ہنڈرڈ انڈیکس ایک لاکھ 65 ہزار 493 پوائنٹس کی بلند ترین سطح پر بند ہوا۔ اور 100 انڈیکس میں ایک ہزار 645 پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
اہم شعبوں میں خریداری کا رجحان دیکھنے میں آیا۔ جن میں آٹو موبائل سمبلرز، کمرشل بینکس، کھاد سازی، تیل و گیس کی تلاش کرنے والی کمپنیاں، او ایم سیز، بجلی کی پیداوار اور ریفائنری شامل ہیں۔
اس کے علاوہ اے آر ایل، حبکو، او جی ڈی سی، پی او ایل، پی پی ایل، ایس این جی پی، ایس ایس جی سی، ایم سی بی، میزان بینک اور یو بی ایل بھی مثبت زون میں دکھائی دیئے۔
یہ بھی پڑھیں: الیکٹرک بائیک یا رکشہ لینے کیلئے سود سے پاک حکومتی قرضہ اسکیم شروع
واضح رہے کہ گزشتہ کاروباری دن کے اختتام پر اسٹاک ایکسچینج میں 100 انڈیکس ایک لاکھ 63 ہزار 847 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا تھا۔
