اسلام آباد: پاکستان کا باہمی فائنلز میں بھارت کے خلاف پلڑہ بھاری ہے۔
پاکستان اور بھارت کے درمیان ایشیا کپ کا فائنل آج رات دبئی میں کھیلا جائے گا۔ ملٹی نیشن ایونٹس کے باہمی فائنل مقابلوں میں گرین شرٹس کا پلڑہ بھاری ہے۔ اور ٹیم اب تک کھیلے گئے ایسے 5 میں سے 3 فائنلز میں کامیابی حاصل کر چکی ہے۔
1985 میں میلبرن میں کھیلے گئے ورلڈ چیمپئن شپ آف کرکٹ کے فائنل میں پاکستانی ٹیم کو بھارت کے ہاتھوں 8 وکٹوں سے شکست ہوئی تھی۔ اور اگلے برس 1986 میں شارجہ میں پاکستان نے آسٹرل ایشیا کپ کے فائنل میں بھارت کو ایک وکٹ سے زیر کیا تھا۔
اسی وینیو پر 1994 میں آسٹرل ایشیا کپ کے فائنل میں ہی پاکستان نے بھارت کو 39 رنز سے زیر کیا۔ جبکہ 2007 میں جوہانسبرگ میں ٹی 20 ورلڈ کپ کے فائنل میں بھارت نے 5 رنز سے فتح حاصل کی۔
2017 میں اوول میں پاکستان نے چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں بھارت کو ریکارڈ 180 رنز سے شکست دی تھی۔
رواں برس دبئی میں پاکستان اور بھارت کا چوتھی مرتبہ آمنا سامنا ہو رہا ہے۔ اس سے قبل چیمپئنز ٹرافی میچ اور پھر اب اس ٹورنامنٹ کے دونوں باہمی مقابلوں میں بھارت کے ہاتھوں گرین شرٹس کو شکست ہوئی۔
یہ بھی پڑھیں: ایشیا کپ فائنل سے قبل انعامی رقم میں اضافہ کر دیا گیا
مجموعی طور پر دونوں ممالک کے درمیان اب تک 15 ٹی 20 میچز کھیلے جاچکے ہیں۔ جن میں سے بھارت نے 11 جبکہ پاکستان نے صرف 3 میچز جیتے ہیں۔ اور ایک مقابلہ ٹائی ہوا۔
