دبئی: قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا نے کہا ہے کہ ہم نے زیادہ غلطیاں کیں جس کی وجہ سے میچ ہارے۔
قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا نے ایشیا کپ 2025 کے فائنل سے ایک روز قبل پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پاک بھارت میچ کا پریشر تو رہتا ہے۔ انشا اللہ پاکستان کو فائنل میں جیتتا دیکھیں گے۔ اور ہماری تمام تر توجہ اپنی کارکردگی بہتر بنانے پر مرکوز ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے زیادہ غلطیاں کیں جس کی وجہ سے میچ ہارے۔ تاہم اپنی غلطیوں کو کم کرنے کی کوشش کریں گے۔
سلمان علی آغا نے کہا کہ پچ کی صورتحال دیکھ کر ٹیم کا فیصلہ کریں گے۔ سری لنکا اور بھارت کا ہائی اسکور میچ مختلف پچ پر ہوا ہے۔ اور اسٹرائیک ریٹ میچ کی صورتحال پر منحصر ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کبھی نہیں دیکھا کہ میچ کے دوران ہینڈ شیک نہ ہوا ہو۔ پاکستان اور بھارت کے میچ میں بھی پہلے ایسا کبھی نہیں ہوا۔ میں نے 2007 سے کرکٹ شروع کی کبھی نہیں دیکھا کہ ہینڈ شیک نہ ہوا ہو۔
یہ بھی پڑھیں: پاک بھارت فائنل مقابلہ، تناؤ برقرار، ٹرافی کے ساتھ فوٹو شوٹ کھٹائی میں پڑ گیا
سلمان علی آغا نے کہا کہ فاسٹ باؤلر سے اس کا جارحانہ انداز نہیں چھینا جاسکتا۔ اپنی پرفارمنس بہتر کرنے کے لیے کام کر رہا ہوں۔ اور باہر کوئی کیا کر رہا ہے اس سے فرق نہیں پڑتا۔
