بھارت کے شمالی علاقے لداخ میں مودی حکومت کے خلاف احتجاجی تحریک شدت اختیار کر گئی۔
خبرایجنسی کے مطابق لداخ میں ہزاروں افراد سڑکوں پرنکل آئے اوروفاقی حکومت کے خلاف نعرے بازی کی اس دوران پولیس اور مظاہرین کے درمیان شدید جھڑپیں ہوئیں جن کے نتیجے میں کم ازکم 4 افراد ہلاک جبکہ درجنوں زخمی ہوگئے۔
پولیس نے مظاہرین کو منتشرکرنے کے لیے لاٹھی چارج اورآنسو گیس کا استعمال کیا، جس پرحالات مزید کشیدہ ہو گئے۔
مشتعل مظاہرین نے بی جے پی کے مقامی دفتر اور پولیس کی متعدد گاڑیوں کو آگ لگا دی جس کے بعد علاقے میں ایمرجنسی جیسی صورتحال پیدا ہوگئی۔
مظاہرین کا مطالبہ ہے کہ لداخ کو دوبارہ مکمل ریاست کا درجہ دیا جائے اورعوام کوسیاسی ومعاشی حقوق فراہم کیے جائیں۔
مقامی رہنماؤں کا کہنا ہے کہ مودی حکومت نے لداخ کے عوام کے ساتھ کیے گئے وعدے پورے نہیں کیے جس پر عوام کا صبرجواب دے گیا ہے۔
کینیڈا کا امریکی ویزا فیس میں اضافے سے فائدہ اٹھانے پر غور
کشیدگی کے بعد علاقے میں اضافی پولیس اورنیم فوجی دستے تعینات کردیئے گئے ہیں جبکہ صورت حال پرقابو پانے کے لیے مختلف مقامات پرکرفیونما پابندیاں نافذ کردی گئی ہیں۔
